Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے والوں کو ادارہ امن عامہ کا سخت انتباہ

خلاف ورزی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اورقید کی سزا مقرر ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
ادارہ امن عامہ نے غیرقانونی تارکین کو روزگار، قیام اور منتقلی کی سہولت فراہم کرنے والوں کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور قید کی سزا مقرر ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری انتباہی بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون سب کے لیے مساوی ہے جس کی پابندی کرنا ہر ایک کے لیے لازمی ہے۔ غیرقانونی تارکین کو کسی قسم کا روزگارفراہم کرنا قانون شکنی ہے۔
اقامہ قوانین کے مطابق غیرملکی کارکنان اپنے اسپانسرز کی زیر نگرانی کام کرنے کے پابند ہیں۔ قانون کے مطابق ایسے کارکن جو اسپانسر کے علاوہ کہیں اورکام کرتے ہیں انہیں اس حوالے سے’اجیر‘ سے ( این او سی ) پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے جس کے بعد وہ دوسری جگہ کام کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو دوبارہ سختی سے متنبہ کرایا گیا ہے کہ اقامہ اور لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکیوں کو نہ تو روزگار فراہم کیا جائے اور نہ ہی انہیں قیام و سفر کی سہولتیں دی جائیں ایسا کرنے والے کو ایک لاکھ ریال جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا دی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں اگر مذکورہ سہولتیں فراہم کرنے والا غیرملکی ہو تو اسے سزا پوری کرنے کے بعد ملک بدر کردیا جاتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: