Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9 فائنل: کیا ملتان سلطانز اسلام آباد یونائیٹڈ کو روک سکے گی؟

مشہور ہے کہ ایک بار اسلام آباد یونائیٹڈ مومینٹم حاصل کرلے تو اسے روکنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
اسلام آباد یونائیٹڈ میچ سے تقریباً باہر ہوچکی تھی، پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم ایک قدم فائنل میں رکھ چکے تھے مگر عماد وسیم کو حیدر علی کا ساتھ ملا تو بازی پلٹ گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نہ صرف میچ میں واپس آئی بلکہ پشاور زلمی سے فتح چھین لی۔
فائٹ بیک کا یہی جذبہ ہے جو اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسری ٹیموں سے ممتاز کرتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن کون بُھلا سکتا ہے؟ پلے آف مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی رسائی تقریباً ناممکن نظر آرہی تھی مگر  جب ٹیم جیت کے راستے پر چلی تو کراچی کنگز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑتے ہوئے ٹرافی جیت لی۔
مشہور ہے کہ ایک بار یہ ٹیم مومینٹم حاصل کرلے تو اسے روکنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ کوئی شک نہیں کہ ایلیمنیٹر ٹو میں ناقابل یقین فتح نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اعتماد بڑے میچ سے پہلے مزید بلند کردیا ہے۔

محمد رضوان بمقابلہ شاداب خان

ملتان سلطانز کی قسمت بدلنے میں محمد رضوان کا بڑا دخل رہا ہے، آج ملتان سلطانز پی ایس ایل کی کامیاب ترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔
یہ اس ٹیم کا مسلسل چوتھا فائنل ہے مگر تشویش کی بات یہ ہے کہ سلطانز نے 2021 میں ٹرافی اٹھانے کے بعد لگاتار دو فائنلز ہارے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کمال یہ ہے کہ ان کے پاس بے پناہ بولنگ اور بیٹنگ آپشنز ہیں، وہ ہر لمحہ بدلتی صورت حال کے تناظر میں اپنے آپشنز استعمال کرتے ہیں۔
شاداب کی قیادت میں ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے، جبکہ رضوان مسلسل چوتھا فائنل کھیل رہے ہیں، وہ شاداب کے مقابلے میں زیادہ تجربے کار بھی ہیں۔

پی ایس ایل نائن میں دونوں ٹیمیں دو بار مدمقابل آئیں (فوٹو: پی سی بی)

رضوان 381 رنز کے ساتھ سلطانز کے ٹاپ سکورر ہیں تو شاداب خان نے ٹورنامنٹ میں 301 رنز بنا رکھے ہیں اور مڈل آرڈر میں بیٹنگ لائن کا ستون ہیں۔

اسامہ میر بمقابلہ عماد وسیم

23  وکٹیں، 15 کی بولنگ ایوریج اور 7.87 کا اکانومی ریٹ۔ یہ ہیں ملتان سلطانز کے لیگ سپنر اسامہ میر جو پی ایس ایل نائن کے کامیاب ترین بولر ہیں۔
کوئی دوسرا بولر ان کے قریب قریب بھی نہیں۔ کراچی کی سپن اور سلو وکٹ ان کے لیے مزید مددگار ثابت ہوسکتی ہے مگر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمپ میں موجود ہیں ٹی20 کرکٹ کے نہایت تجربے کار بولر عماد وسیم۔
لیفٹ آرم سپنر گیارہ میچز میں صرف سات شکار کرسکے ہیں مگر ان کی خاص بات کم ترین اکانومی ریٹ ہے۔ وہ ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ چھ رن دیتے ہیں اور بلے بازوں کو باندھ کر رکھتے ہیں۔ اس طرح بیٹنگ لائن پر دباؤ بڑھتا ہے اور وکٹیں گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

عثمان خان کا شکار کون کرے گا؟

کراچی کی رمضان کرکٹ سے اپنی شناخت بنانے والے شیخوپورہ کے عثمان خان نے پی ایس ایل نائن میں صرف 6 میچز کھیلے ہیں مگر رنز کی دوڑ میں وہ گیارہ ، گیارہ میچز کھیلنے والے بابر اعظم اور محمد رضوان کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ عثمان خان 6 اننگز میں دو سینچریاں بناچکے ہیں۔

عثمان خان 6 اننگز میں دو سینچریاں بناچکے ہیں۔ (فوٹو: پی ایس ایل)

کراچی میں انہوں نے ایک عرصے تک کرکٹ کھیلی ہے اور یہاں کی کنڈیشنز ان کےلیے نئی نہیں ہیں۔ وہ پی ایس ایل نائن میں ملتان سلطانز کی طاقت بن کر سامنے آئے ہیں۔ شاداب خان کو فائنل جیتنا ہے تو ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرنے والے اس نوجوان کھلاڑی کی وکٹ جلد حاصل کرنا ہوگی۔

ڈیتھ اوورز میں پاور ہٹرز کا مقابلہ

ٹی20 کرکٹ میں اننگز کے آخری پانچ اوورز فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے حیدر علی نے اس کی جھلک ایلیمنیٹر ٹو میں پشاور زلمی کے خلاف دکھائی اور پانسہ پلٹ دیا۔
حیدر علی اور اعظم خان بڑے شاٹس کھیلنے والے دو طاقت ور کھلاڑی ہیں جو سلطانز کے لیے بڑے میچ میں خطرہ بن سکتے ہیں۔

23  وکٹیں، 15 کی بولنگ ایوریج اور 7.87 کا اکانومی ریٹ، یہ ہیں ملتان سلطانز کے لیگ سپنر اسامہ میر (فوٹو: پی ایس ایل)

ملتان سلطانز کے پاس ٹی 20 سپیشلسٹ افتخار احمد ہیں جن کے فلک بوس چھکے رضوان کے لیے اکثر جیت کی امید بن جاتے ہیں۔ بڑے میچ میں خوشدل شاہ کو بھی افتخار کا ساتھ دینا ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ ملتان سلطانز

پی ایس ایل نائن میں دونوں ٹیمیں دو بار مدمقابل آئیں۔ دونوں ہی میچ سنسنی خیز ثابت ہوئے،  پہلے میچ کا فیصلہ صرف ایک گیند پہلے ملتان سلطانز کے حق میں ہوا اور دوسرے میچ کا فیصلہ آخری گیند پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے حق میں رہا۔
ٹریک ریکارڈ یہ بتارہا ہے کہ اس بار پی ایس ایل کا فائنل بھی دلچسپ رہے گا۔ ماضی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو مرتبہ جبکہ ملتان سلطانز نے ایک مرتبہ ٹرافی اٹھائی۔

شیئر: