Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈانس فار ایجوکیشن‘ ، پاکستان کی وزارتِ تعلیم کا نیا سرکلر کیا ہے؟

پاکستان میں بھی یونیسکو تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
پاکستان کی وزارتِ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سرکلر میں وفاقی تعلیمی اداروں کو یونیسکو کی ’ڈانس فار ایجوکیشن‘ مہم کا حصہ بننے کی ترغیب دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں وزارتِ تعلیم نے تعلیمی اداروں کو 25 مئی ’افریقہ ڈے‘ کے موقعے پر اس مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔
وزارتِ تعلیم کے سرکلر کے سامنے آنے کے بعد اس بارے میں شعبۂ تعلیم سے وابسہ حلقوں میں اس بارے میں بات ہو رہی ہے۔
وزارتِ تعلیم کے سرکلر میں کیا ہے؟
پاکستان کی وزارتِ تعلیم کی جانب سے 29 مارچ کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ’ہم 25 مئی کو یوم افریقہ کےموقع پر یونیسکو کی ’ڈانس فار ایجوکیشن‘ مہم میں آپ کو دعوت دیتے ہیں۔ اس دن تعلیم کے فروغح کے لیے ’ایجوکیشن اِن دی ایئر‘ نامی گانا ریلیز کیا جائے گا۔‘
یہ مہم بنیادی طور پر یونیسکو کی طرف سے تعلیم کے فروغ کے لیے اس گانے کی ریلز کا حصہ ہے۔
وفاقی تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ ’ہم آپ کی جانب سے اس مہم میں شرکت اور ڈانس کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کی حوصلہ افزائی کریں گے۔‘
سرکلر کے متن کے مطابق ’تعلیمی اداروں میں ان تقریبات کا اہتمام کریں۔ اس تناظر میں نمایاں کارگردگی دکھانے والی تقریبات کو یونیسکو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پذیرائی ملی گی۔‘
’اس ایونٹ سے متعلق اپنے طلبہ اور اساتذہ کو آگاہ کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔‘
’ڈانس سے مراد ثقافتی رقص ہے‘
وزارتِ تعلیم کے جوائنٹ سیکرٹری اور ترجمان وسیم اجمل نے رابطہ کرنے پر اردو نیوز کو بتایا کہ اُن کے پاس اس معاملے پر زیادہ تفصیلات تو نہیں ہیں تاہم بظاہر وزارتِ تعلیم کے جاری کردہ سرکلر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ’تعلیمی اداروں میں کسی غیراخلاقی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ڈانس سے مراد ثقافتی رقص جیسا کہ بھنگڑا، سندھی، بلوچی یا قبائلی رقص ہو سکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پاکستان اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے اشتراک سے تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتا آ رہا ہے۔ ہم ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔‘

وزارت تعلیم کے ترجمان نے کہا ’سرکلر میں کسی ادارے کو مخصوص ہدایات جاری نہیں کی گئیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

وسیم اجمل کے مطابق ’وزارت تعلیم نے محض ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ اس میں کسی ادارے کو مخصوص ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ اس معاملے کی مزید تفصیلات لے کر مزید معلومات فراہم کریں گے۔ وزارتِ تعلیم اپنے ماتحت اداروں میں غیراخلاقی سرگرمیوں کے انعقاد کی اجازت نہیں دیتی۔‘
اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ یونیسکو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ہے جو تنظیم، تعلیم، سائنس، ثقافت، مواصلات اور معلومات کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کو آسان بنا کر امن اور سلامتی کے لیے کوششیں کرتا ہے۔
یونیسکو علم کے اشتراک اور خیالات کی آزادانہ ترسیل کے لیے دنیا بھر میں اپنی مہمات چلاتا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی یونیسکو تعلیم کے فروغ اور ثقافتی ورثے کی مناسب دیکھ بھال کے کام کر رہا ہے۔

شیئر: