Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر کا سیاسی جماعت کی جانب سے فوجی قیادت پر ’بے بنیاد الزامات‘ پر تشویش کا اظہار

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے فوج کے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کے لیے لگائے گئے ’بے بنیاد اور بلاجواز الزامات‘ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر  نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔ ’صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔‘
اس موقع پر صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔
صدر زرداری نے قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت  پیش کیا۔ ’شہدا کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔
صدر مملکت نے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔‘
ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

شیئر: