Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشیدہ صورت حال: انڈیا کی اپنے شہریوں کو ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

امریکہ نے خطے کی کشیدہ صورت حال پر عرب ممالک کے وزرائے خارجہ سے تبادلہ خیال کیا ہے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
انڈیا نے اپنے شہریوں کو ’خطے کی موجودہ صورت حال‘ کے تناظر میں اگلے احکامات تک ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ’انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے یہ ایڈوائزری جمعے کے روز جاری کی گئی۔‘
یہ ایڈوائزری ایران کی جانب سے رواں ماہ شام میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
امریکہ اور روس سمیت کئی ممالک نے خطے میں اپنے عملے اور شہریوں کے لیے اسی طرح کی سفری ایڈوائزری جاری کی ہے۔
انڈین وزارت خارجہ نے ان دونوں ممالک میں مقیم اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ’وہ اپنی حفاظت کے بارے میں انتہائی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیں۔‘
اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی سے غزہ میں ایران کے حمایت یافتہ حماس کے عسکریت پسندوں اور اسرائیل کے درمیان چھ ماہ سے جاری لڑائی مزید پھیل سکتی ہے۔
امریکہ نے خطے کی کشیدہ صورت حال پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور عراق کے وزرائے خارجہ سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکہ نے ان ممالک سے کہا ہے کہ ’وہ ایران پر زور دیں کہ وہ تنازعے کی شدت کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کرے۔’

شیئر: