Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہائی بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں مددگار سات غذائیں

بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ وہ ایسا کیا کھائیں جن سے ان کا بلڈ پریشر قابو میں رہے۔ (فائل فوٹو: پکسابے)
ہائی بلڈ پریشر انسانی سوچ سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔ یہ نہ صرف شریانوں پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ دل کی بیماری کا باعث بھی بنتا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی میں شائع ایک مضمون کے مطابق آج کے دور میں طرز زندگی میں آنے والی تیز رفتار تبدیلیاں، غیر صحت مند کھانے کی عادات، بہت زیادہ دباؤ اور جسمانی سرگرمی کے نہ ہونے سے ہائی بلڈ پریشر کا مسئلہ ماضی کے برعکس عام ہو گیا ہے۔
بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ وہ ایسا کیا کھائیں جن سے ان کا بلڈ پریشر قابو میں رہے۔ ذیل میں ایسی سبزیاں بتائی گئی ہیں جو بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہو سکتی ہیں۔

1: چقندر

تحقیق کے مطابق چقندر میں موجود نائٹریٹ بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا جوس یا سلاد میں استعمال آپ کی صحت کے لیے مفید ہے۔

2: پتوں والی سبزیاں

پتوں والی سبزیاں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق یہ نہ صرف ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ ان کے کھانے سے دل کی صحت بھی ٹھیک رہتی ہے۔

3: لہسن

لہسن میں اینٹی فنگل اور اینٹی بائیوٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ یہ آپ کے بلڈ پریشر کو منظم کرنے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ لہسن کا استعمال کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔

لہسن میں اینٹی فنگل اور اینٹی بائیوٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ (فوٹو: پکسابے)

4: شکر قندی

شکر قندی میں فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ تمام غذائی اجزا ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

5: بروکولی

بروکولی کو خوراک میں شامل کرنا ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن سی، پوٹاشیم، وٹامن کے، پروٹین اور فائبر بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔

6: آلو

آلو پوٹاشیم حاصل کرنے کا ایک اچھا ذریعہ ہے جو ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

شکر قندی میں موجود غذائی اجزا ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ (فوٹو: پکسابے)

7: گاجریں

گاجروں کا استعمال بینائی کو بہتر کرنے کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس کے علاوہ اسے کھانے سے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے سمیت مختلف فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

شیئر: