Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسداد دہشتگردی میں سعودی عرب کی کوششیں بے مثال ہیں، سردار محمد یوسف

ریاض ( ذکاء اللہ محسن) پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی ممالک میں ایٹمی طاقت کا حامل ملک ہے اورخطے کے مسائل حل کرنے میں اس کا ہمیشہ ایک اہم رول رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وہ معروف پاکستانی بزنس مین شیخ سعید احمد کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کی حکومت کے ساتھ ہمارے بھرپور اوراچھے مراسم ہیں بلکہ وزیراعظم نواز شریف کے شاہی خاندان کے ساتھ ذاتی نوعیت کی دوستی بھی قائم ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بالکل آزاد ہے اور اسی کے تحت مفاہمت کی بھی کوشش کی جاتی ہے۔ قطر اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کے لئے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے بھی دورہ کیا ۔ دہشتگردی کے خلاف سعودی موقف قابل ستائش ہے۔ جس طرح سعودی عرب دنیا میں امن قائم کرنے اور دنیا کو دہشتگردی کے خطرے سے بچانے کیلئے کوشاں ہے اس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ اس سال مجموعی طور پر ایک لاکھ80ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 3لاکھ70ہزار درخواستیں وصول ہوئیں۔ اس مرتبہ 60فیصد سرکاری حج اسکیم اور 40فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے تحت حج کریں گے۔ شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے کردار سے اپنے سعودی بھائیوں کے درمیان ایک اچھا مقام پایا ہے۔ تقریب کی نظامت وقار نسیم وامق نے کی اور نعت رسول مقبول محمد اصغر چشتی اور ڈاکٹر سعید وینس نے پڑھی ۔ تقریب کے آخر میں اوورسیرز پنجاب ایڈوائزری کونسل کے ممبران کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھیجی گئی شیلڈ سے نوازا گیا جو وفاقی وزیر نے شیخ سعید احمد، راشد محمود بٹ، عدنان اقبال بٹ، امین تاجر اور عمران ججوی کو پیش کیں۔افطار ڈنر میں سفارتخانہ پاکستان کے نائب سفیر حسن وزیر، ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، گروپ کیپٹن ارشد مختار، ڈاکٹر عامر حسین، اور عمائدین شہر نے بھرپور شرکت کی۔

شیئر: