لبنان کے جنوبی علاقے پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک
اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ 27 نومبر سے نافذ جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لبنان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ اتوار کے روز ملک کے جنوبی حصے پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
یہ چار دنوں میں تیسرا حملہ ہے جس میں ہلاکت ہوئی ہے اور یہ حملے حزب اللہ کے ساتھ جاری جنگ بندی کے باوجود ہو رہی ہے۔
لبنان کی وزارت کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی دشمن‘ نے نبطیہ کے علاقے میں واقع گاؤں ارنون میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا، جو اسرائیلی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر (تین میل) کے فاصلے پر ہے۔
وزارت کے مطابق جنوب میں ایک اور حملے میں بیت لیف کے علاقے بنت جبیل میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ 27 نومبر سے نافذ جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جمعرات کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہفتہ کو ایک اور حملے میں ایک شخص جان سے گیا۔
جنگ بندی کی شرائط کے تحت، حزب اللہ کے جنگجوؤں کو لیتانی دریا کے شمال میں پیچھے ہٹنا تھا، جو سرحد سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اور جنوبی علاقوں میں اپنی عسکری چوکیوں کو ختم کرنا تھا۔
دوسری طرف اسرائیل کو لبنان سے اپنی تمام فوجیں واپس بلانی تھیں، لیکن اس نے سرحد کے ساتھ پانچ ایسی پوزیشنز برقرار رکھی ہیں جنہیں وہ ’تزویراتی‘ سمجھتا ہے۔
لبنانی فوج اب ان علاقوں میں تعینات ہو چکی ہے، جہاں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ساتھ صرف اسی کو کارروائی کی اجازت ہے۔