Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت دہشتگردی کے خاتمے کےلئے تمام وسائل استعمال کرے گی ، وزیر اطلاعات و نشریات

الجزیرہ چینل دہشتگردوں کو ہیروبناکر پیش کر رہا ہے ، دہشتگردوں کی فنڈنگ کے ذرائع ختم کرنے کےلئے کام کررہے ہیں ، ڈاکٹر العواد کی قطر معاملے پر جرمن حکام سے گفتگو 

 
 
جرمنی ( واس ) سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد بن صالح نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مملکت تمام ذرائع استعمال کرے گی تاکہ اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جاسکے ۔ وہ جرمنی کے 3روزہ دورے پر گئے ہوئے تھے جہاں انہو ںنے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف مملکت سعودی عرب کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب پرامن ملک ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے ۔ ہم کسی طرح بھی دہشتگردی کو پنپنے کے مواقع نہیں دیے سکتے ۔ اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے آخری حد تک جائیں گے ۔ دہشتگردوں کو سرمایہ کی فراہمی کے تمام وسائل کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ وزیر اطلات نے اپنے دورہ جرمنی کے موقع پر وہاں اعلیٰ حکام اور قومی امن کے ادارے کے سربراہوں کے علاوہ وزیرخارجہ اور پارلیمنٹ کے ڈپٹی چئیر مین سے بھی ملاقات کی اور مملکت کے موقف کی وضاحت کی ۔ ڈاکٹر العواد نے مزید کہا کہ انکا دورہ جرمنی انتہائی کامیاب رہا ۔ جرمن حکومت کو قطر سے تعلقات منقطع کرنے کے حوالے سے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جس پر جرمن حکام نے بھر پور تائید کی ۔ قطر کی جانب سے دہشتگردو ں کی فراہم کی جانے والی امداد اور مالی معاونت سے بھی جرمنی کے اعلی حکام کو ثبوتوں کے ساتھ آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے مکمل اتفاق کرتے ہوئے مملکت اور اتحادی ممالک کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کی بھر پور تائید کی ۔ ڈاکٹر العواد نے قطری چینل الجزیرہ کے بارے میں بھی تفصیل سے جرمن حکام کو مطلع کرتے ہوئے بتایاکہ قطر کا یہ چینل اپنے منشور کوکس طرح عالمی سطح پر لوگوں کے ذہنوں تک پہنچا رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ الجزیرہ چینل دہشتگردوں کو عالمی سطح پر ہیروبنا کر پیش کررہا ہے جس سے عالمی سطح پر دہشتگردوں کو معصوم ظاہر کیا جارہا ہے جو ایک خطرناک عمل ہے اس سے دنیا میں دہشتگردی کو مزید تقویت ملے گی جو اقوام عالم کے امن کےلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔ ڈاکٹر العواد نے مزید کہا کہ الجزیرہ چینل نے 11 ستمبر کے حملہ آوروں کے حوالے سے بھی جو پروگرام پیش کئے تھے ان میں ان مجرموں کو ہیرو کے طور پرظاہر کیا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ چینل دہشتگردی کی پشت پناہی میں کہا ں تک چلا گیا ہے ۔ الجزیرہ چینل آزادی اظہار رائے کا جو سلوگن استعمال کرتا ہے درحقیقت اس کے برعکس عمل کر رہا ہے ۔قطر نے ہمیشہ اپنے جرائم کو چھپانے کےلئے رائے عامہ کو گمراہ کرتے ہوئے دہشتگردی کےلئے اپنے مقاصد کو پروان چڑھایا مگر اب قطر کے ان اعمال سے سب آگاہ ہو چکے ہیں اور اب وہ اپنے عمل سے مزید لوگوں کو گمراہ نہیں کر سکے گا ۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ قطر کو دہشتگردی کے خلاف اپنے نظریات و خیالات کو تبدیل کرنا ہوگا ۔ جو کچھ وہ کر چکا ہے بہت ہے اب مطالبات تسلیم کئے بغیر اس کے ساتھ کوئی اتفاق نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جرمن وزیر خارجہ عنقریب مملکت کا دورہ کریں گے ۔
 

شیئر: