Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونس خان نے اپنا تاریخی بیٹ عطیہ کردیا، رقم تعلیم پر خرچ ہوگی

 
 
کراچی: پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں جس بلے سے 10ہزار رنز مکمل کیے تھے اسے تعلیم کے فروغ کیلئے این جی او کو عطیہ کردیا۔کراچی میں منعقدہ تقریب میں لیجنڈ بلے باز نے دی سٹیزن فاونڈیشن کو اپنا تاریخی بیٹ عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔تقریب کے دوران یونس نے جہاں دلچسپ باتوں سے شائقین کو خوب لطف اندوز کیا تو وہیں بورڈ سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کی پذیرائی نہیں ہوئی اورنہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاوس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں دی سٹیزن فاونڈیشن سے منسلک ہوں اور اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جو معاشرے میں کچھ تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز نے کہا کہ قوموں کی ترقی صرف تعلیم سے ممکن ہے اور میں ہمیشہ ایک بات کرتا ہوں کہ اگر ایک فرد بھی تبدیلی کیلئے کھڑا ہو گیا تو ساری قوم کھڑی ہو جاتی ہے۔مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ اگر مجھے وزیر اعظم سے ایک کروڑ رو پے ملتے ہیں تو میں اسے بھی عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔سابق کپتان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرے اور سیاست میں آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو اپنا سمجھتا ہوں اور پورا پاکستان میرا ہے۔ یونس نے کہا کہ کرکٹ کی خدمت کے لیے وہ کسی کے بھی ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں اور ساتھ ساتھ خواہش ظاہر کی کہ سابق کپتان اور 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر انہیں عزت واحترام دیا جائے۔
 
 
 

شیئر: