Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیریبیئن لیگ:شاداب خان کی عمدہ کارکردگی سے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی دوسری فتح

 
پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور لیگ کے چھٹے میچ میں شاداب خان کی آل راﺅنڈ کارکردگی کی بدولت ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوسیا اسٹارز کو4وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ شاداب خان نے ناقابل شکست30رنز اسکور کئے قبل ازیں سینٹ لوسیا کی بیٹنگ کے دوران انہوں نے 4اوورز میں16رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی۔پورٹ آف اسپین کے کوئنز پارک اوول گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے کپتان ڈیوائن براوو نے جیت کر پہلے سینٹ لوسیا اسٹارز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔آندرے فلیچر کے40اور کپتان ڈیرن سامی کے25رنز کی بدولت سینٹ لوسیا اسٹارز ے9وکٹوں پر118رنز اسکور کئے۔ سینٹ لوسیا اسٹارز کی طرف سے ڈبل فگرزمیں پہنچنے والے تیسرے بیٹسمین کامران اکمل تھے جنہوں نے17رنز بنائے۔کیون کوپر نے3ڈیوائن براوو نے2اورشاداب خان کے علاوہ کھیری پائرے اورسنیل نرائن نے ایک، ایک وکٹ لی۔ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف 16ویں اوور میں 6وکٹوں کے نقصان پر120رنز بناکر حاصل کرلیا۔ابتدائی بیٹسمین ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم نہیں کرسکے تاہم شاداب خان اور جیون سرلز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 45رنز بناتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ شاداب خان30اور جیون سرلز27رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح سے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر بھی قبضہ کرلیا جبکہ سینٹ کٹس این نیواس کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔
 

شیئر: