اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔بدھ کو نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میری ٹائم شعبہ کی ترقی پر منحصر ہے ۔ پاک بحریہ مادر وطن کے سمندری مفادات کے تحفظ ‘ سمندری سرحدوںکی پاسبانی، گوادر بندر گاہ اور سی پیک کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبہ جات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل معاونت فراہم کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بحریہ آئندہ کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے متوازن اور موثر قوت کی حامل رہے۔وزیراعظم نے کمانڈ آپریشنل سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جاری آپریشنل سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے استقبال کیا۔