Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان کی مخالفت

  انقرہ ۔۔۔روسی صدر ولادیمیر پوٹین اور ترک ہم منصب رجب طیب اردوگان نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے امریکی اعلان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کی بھرپور مخالفت کی ہے۔روسی صدر ایک روزہ ددورے پر انقرہ پہنچے جہاں انہوں نے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان سے ملاقات کی، اس موقع پر خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت بیت المقدس سے متعلق امریکی متنازع اعلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران روسی صدر نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کا مسئلہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان براہ راست مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روس اور ترکی کا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا جانا مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے لئے مددگار ثابت نہیں ہوگا اور خطے کو عدم استحکام اور امن عمل کی کوششوں کو متاثر کرے گا۔اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ روسی صدر کے موقف سے خوشی ہوئی اور وہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ فلسطین میں شہریوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔رجب طیب اردگان نے کہا کہ حالیہ تنازع پر بلائی جانے والی اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کا اجلاس ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا جس میں روس نے اپنا نمائندہ بھیجنے کا وعدہ کیا ہے۔
 

شیئر: