Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفارتحانے کے دروازے ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں،منظور الحق

 
سب کے تعاون سے سفارتخانے اور قونصلیٹ کی کارکردگی بہتر ہوگی،سفیر پاکستان کا دورہ ابہا اور عسیر ریجن، کمیونٹی مسائل سنے
 
جی ایس ایوب خمیس مشیط
 
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے عسیر ریجن کا دورہ کیا۔ سماجی شخصیت خرم بٹ ، چوہدری جاوید آف نارووال اور میاں محمد سلیم نے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ میاں محمد سلیم نے سفیر پاکستان کو کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ خرم بٹ نے کمیونٹی کے سب سے بڑے مسئلے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اسکول کی اشد ضرورت ہے۔ مقامی انٹرنیشنل اسکول میں فیسیں بہت زیادہ ہیں جس سے کمیونٹی پریشان ہے۔ سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات پر خوشی ہوئی ۔ آپ سب پر فخر ہے۔ آپ اپنے اہل خانہ ، عزیز واقارب کے لئے محنت مشقت کررہے ہیں اس کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردارادا کررہے ہیں۔ میری گزارش ہے آپ سب آپس میں اتفاق سے رہیں ۔ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہیں۔ مل جل کر مسائل حل کیا کریں۔ انہوں نے کہاکہ سفارتخانہ ریاض اور قونصلیٹ جدہ کے دروازے ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں۔ آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کر ینگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سب کے تعاون سے سفارتخانے اور قونصلیٹ کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ پاکستان کا نام روشن کریں۔ اچھے اخلاق سے دوسری اقوام میں اپنی عزت اور وقار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں۔ سعودی عرب ہمارا بڑا بھائی ہے۔ ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے ۔ سعودی عرب کی دوستی پر پاکستان کو فخر ہے۔ مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرونگا۔دریں اثناء سفیر منظور الحق ابہا ریجن کے دورے پر آئے تو پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کے صدر ریاض چوہدری، سینیئر نائب صدر فاروق بٹ ، سیکریٹری جنرل سید عاصم حسین شاہ، معروف سماجی شخصیت مظفر اعوان اور دیگر کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے ابہا ایئرپورٹ پر خیر مقدم کیا۔ سفیر پاکستان نے آمد کے فوری بعد پاکستانی اسکول کا دورہ کیا۔ انتظامیہ اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ڈاکٹر فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل نے وفد کے ہمراہ سفیر پاکستان سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ پاکستانی اسکول کی جانب سے سفیر پاکستان کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔ پاکستان ویلفیئر فورم نے مقامی ہوٹل میں عشائیہ کا اہتمام کیا ۔ جازان کی سماجی شخصیت امیر خان شیروانی نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ فورم کے صدر نے عسیر کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر سفیر پاکستان نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ آپ سب پاکستان کے سفیر ہیں ، پاکستانی ہونے پر فخر ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ اپنی رقوم بینکوں کے ذریعے بھیجیں جس سے زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوتا ہے۔ 
******
 

شیئر: