Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعتدال پسندی کے پرچار میں رابطہ کا کردار قابل قدر ہے، امریکی سینیٹر

مکہ مکرمہ۔۔۔۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹر ی جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبداکریم العیسیٰ نے نیویارک میں امریکی سینیٹر ٹڈکروز اور واشنگٹن میں ایوان نمائندگان کے اہم ممبران سے ملاقاتیں کرکے اعتدال پسندی کے پرچار ، انتہاءپسندی اور دہشت گردانہ تصورات و افکار سے نمٹنے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ پوری دنیا کے ہوشمند افراد بامقصد تحریکیں اور تنظیمیں شدت پسندی ، انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی، دنیا بھر میں موجود اسلامی تنظیموں ، تحریکوں ، جماعتوں اور اداروں کی نمائندہ عوامی تنظیم کی حیثیت سے ایسے تمام مسائل کے موثر دیرپا حل کیلئے کوشاں ہے جن سے فرزندان اسلام اور مختلف اقوام و ممالک اور مذاہب کے پیروکار دوچار ہیں۔ امریکی سینٹر نے اعتدال پسندی سے متعلق شعور و آگہی مہم چلانے ، دہشتگردی ، انتہاءپسندی اور شدت پسندی کے تصورات کو ٹھوس بنیادوں پر حل کرنے کے سلسلے میں رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ رابطہ کثیر مذہبی اور کثیر ثقافتی معاشروں والے ممالک میں پرامن بقائے باہم اور یکجہتی کے ماحول کے فروغ کیلئے قابل قدر پروگرام روبہ عمل لا رہا ہے۔ ڈاکٹر العیسیٰ نے نیویارک میں امریکی سینٹ کی قومی سلامتی کے سابق چیئرمین سینیٹر جوزف لیبر مین سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بھی تمام ممالک میں مکالمے اور رواداری کے پرچار اور دنیا بھر میں میانہ روی کے فروغ کی اہمیت سے اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں کیلیفورنیا میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کانگریس کے رکن براڈ شیرمن نے ڈاکٹر العیسیٰ نے ملاقات کرکے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفت و شنید کی۔ ڈاکٹر العیسیٰ سے انسداد انتہاءپسندی پروجیکٹ کی ایگزیکٹو ڈیکٹر مارک ویلس نے ملاقات کرکے انتہاءپسندانہ اور گمراہ کن افکار سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد اور تعاون کے طور طریقوں کا جائزہ لیا۔

شیئر: