Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور کی ریئلٹی شو میں دلچسپی اور کترینہ کیف گلیمر سے بیزار! 

خواتین کے مساوی حقوق کی باتیں کسی دیوانے کے خواب سے کم نہیں ہیں۔ لیکن وقتاً فوقتاً لوگ ایسے خواب دیکھتے رہے ہیں اور اس کے لیے آوازیں اٹھتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ کرینہ کپور نے ٹی وی ریئلٹی شو میں آنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ انھیں اب تک خواتین کو ملنے والی سب سے زیادہ رقم آفر کی گئی ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ چھوٹے پردے پر پہلی بار آنے کے لیے انھیں جو رقم پیش کی جا رہی ہے وہ اس کی حقدار ہیں۔ 
وہ ٹی وی ریئلٹی شو ’ڈانس انڈیا ڈانس‘ میں جج کے کردار میں ہوں گی۔ 
انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’تنخواہ کا پیکیج خطیر رقم ہونی چاہیے کیونکہ آپ ٹی وی پر بہت محنت کرتے ہیں۔ اگر ایک مرد جج کو اتنا ملتا ہے تو خاتون جج کو کیوں نہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’پہلی بار مین سٹریم اداکارہ ٹی وی پر آ رہی ہے، ڈانس ریئلٹی شو میں اور وہ بھی اپنے کریئر کے اس مقام پر۔ مجھے وہی ملا جس کی میں حقدار ہوں۔‘
اس سے پہلے بھی کرینہ کپور اور پرینکا چوپڑہ نے فلم میں ہیروئن کو کم اجرت دیے جانے پر اعتراض کیا تھا۔ کرن جوہر نے اپنی آپ بیتی ’این انسوٹیبل بوائے‘ میں لکھا ہے کہ جب انھوں نے کرینہ کپور کو فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کی پیشکش کی تو انھوں نے شاہ رخ کے برابر فیس مانگی تھی جس سے ان کا دل ٹوٹا تھا۔ 
کرینہ کے متعلق یہ بھی خبریں ہیں کہ انھیں ایک ہیلتھ ڈرنک کی برانڈ ایمبیسڈر بننے کے لیے 11 کروڑ روپے سالانہ کی پیشکش ہوئی ہے۔ جبکہ عام طور پر ان کی ہمعصر پانچ چھ کروڑ ہی حاصل کر پاتی ہیں۔ کرینہ کی ٹیم نے کہا ہے کہ شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد کرینہ کے برانڈ ویلو میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے 18 سال کے کریئر میں ان کے پاس مسلسل ایک درجن سے زیادہ برانڈز رہے ہیں۔

کترینہ کیف گذشتہ 16سال سے فلموں میں کام کررہی ہیں (اے ایف پی فوٹو)

کترینہ کیف سٹائل اور گلیمر سے بیزار 

اب جہاں مساوات کی بات آئی ہے تو اداکارہ کترینہ کیف نے بھی مساوات کی بات کی ہے۔ انھوں نے اجرت کے معاملے یہ بات نہیں کی ہے لیکن بزنس اور کنٹینٹ کے درمیان توازن کی بات کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بڑے اداکاروں کو چاہیے کہ وہ خواتین کے مضبوط مرکزی کردار والی فلمیں بنائیں۔ 
انھوں نے کہا کہ وہ اپنے کریئر کے اس مقام پر جہاں وہ سٹائل اور گلیمر سے زیادہ چیلنجنگ کردار کی جانب راغب ہو سکتی ہیں۔
انھوں نے کہا ایک اداکار کے طور پر ترقی کرنے اور اپنے کریئر کو مزید آگے لے جانے کے مجھے مختلف کردار کرنے کی ضروت ہے۔ مجھے ایسے کردار کو منتخب کرنا ہے جو مجھے چیلنج کریں۔ میرا مقصد ہے کہ میں ایسے ہدایتکاروں کے ساتھ کام کروں جو میرے اندر سے میری وہ صلاحت نکال کر پردے پر اتار دے۔
انھوں نے کہا کہ ایک توازن کی ضرورت ہے۔ ’جس سال میں نے راجنیتی فلم کی اسی سال گلیمر والی فلم تیس مار خان بھی کی۔‘
وہ گذشتہ 16سال سے فلموں میں کام کررہی ہیں اور انھوں نے خیال ظاہر کیا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کمرشل سینیما میں آئیں۔ ’میں نے زویا اختر سے بھی یہ بات کہی ہے اور اپنے دوستوں سے بھی کہ خواتین کے مرکزی کردار والی فلمیں بنیں۔‘

سنجو بابا کے بچپن کی ایک یادگار تصویر

 سوشل میڈیا پر کیا چل رہا ہے؟ 

رواں ہفتے بالی وڈ کی ماضی کے جھروکے سے دو تصویریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں اور گرما گرم بحث کا موضوع رہیں۔
ان میں سے ایک تصویر سنجو بابا یعنی سنجے دت نے شیئر کی تھی جس میں ان کی ماں نرگس دت اور دو چھوٹے چھوٹے بچے نظر آتے ہیں۔ ان میں ایک تو سنجو بابا ہی ہیں اور دوسری ان کی بہن ہیں۔
سنجے دت نے یہ تصویر اپنی والدہ کی یوم پیدائش کے موقعے پر جاری کرتے ہوئے لکھا: یادیں کبھی دھندلی نہیں پڑتیں۔ ہیپی برتھ ڈے مام۔
ان کی اس تصویر کو 2000 بار ری ٹویٹ اور 55 ہزار بار پسند کیا گيا۔ ایک صارف پلوی سمیر دیش پانڈے نے لکھا: ’نرگس کو جنم دن مبارک، ماں تو ماں ہوتی ہے، بیٹے اور بیٹی کے لیے اس کی محبت کم ختم نہیں ہوتی۔۔۔ بہت اچھی تصویر ہے بابا۔۔۔ خوبصورت یادیں۔‘

سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی کے موقع پر لی گئی تصویر

خیال رہے کہ نرگس دت یکم جون 1929 میں کولکتہ میں پیدا ہوئی تھیں اور تین مئی 1981 کو ممبئی 52 سال کی عمر میں انتقال کر گئيں۔
 دوسری تصویر بھی ایک فیملی تصویر ہے جسے سوہا علی خان نے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے جس میں سیف علی خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کی بہن سوہا علی خان، ان کی والدہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور، اہلیہ کرینہ کپور، بیٹا ابراہیم اور تیمور اور بیٹی سارہ علی خان شامل ہیں۔  
اس تصویر کو تقریبا دو لاکھ نوے ہزار لوگوں نے لائک کیا ہے جبکہ ایک ہزار سے زیادہ کمنٹس آئے ہیں۔

اس کے جواب میں سیف کی شادی کی کرینہ کپور کے ساتھ شادی کی ایک تصویر بھی شیئر کی جا رہی ہے جس میں تیمور نہیں ہیں لیکن ان کی دوسری بہن صبا علی خان ہیں۔

شیئر: