Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہن! کیوں اچھی خاصی فلم خراب کرنی ہے‘

پرینیتی چوپڑا کی یہ فلم ہالی وڈ مسٹری مووی ’دا گرل آن دی ٹرین‘ کا ری میک ہے، فوٹو: ٹوئٹر
بالی وڈ کی ’ببلی گرل‘ پرینیتی چوپڑا نے اپنی آنے والی فلم ’دا گرل آن دا ٹرین‘ میں اپنی پہلی جھلک ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دکھا دی۔ انہوں نے فلم کے ایک منظر کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ایک باتھ ٹب میں بیٹھی ہیں اور ان کے سر پر زخم کا نشان ہے۔
پرینیتی نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ہے ’یہ کچھ ایسا ہے جو میں نے پہلے کبھی نہیں کیا، اور یہ میری زندگی کا مشکل ترین کردار ہے۔‘

پرینیتی نے جیسے ہی یہ تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی، سوشل میڈیا صارفین نے دھڑا دھڑ تبصرے شروع کردیے۔
ایس تھاٹس نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’آپ کو اس فلم میں دیکھنے کے لیے انتظار نہیں ہو رہا۔ آپ کو ایسے ہی حوصلہ افزا کردار کرنے چاہئیں۔ گڈ لک پری!‘

ایک اور صارف میہر نندو نے لکھا ’او مائی گاڈ پری کیا لُک ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ آپ کی اب تک کی سب سے بڑی ہٹ فلم ہو گی۔‘

رابندر کمار ساہو نامی صارف نے لکھا ’بہترین! نئے منفرد کردار نبھا کر ہی آپ کچھ حاصل کرسکیں گی۔ کوشش جاری رکھیں، اپنے آپ کو منوانے کا یہی موقع ہے۔‘

آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ فلم ہالی وڈ مسٹری فلم ’دا گرل آن دا ٹرین‘ کا ری میک ہے جو 2016 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم  نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے تھے۔
اس فلم میں پرینیتی ہالی وڈ اداکارہ ایملی بلنٹ کی طرح مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ’دا گرل آن دا ٹرین‘ کی کہانی پاﺅلا ہاکنز کے ناول سے ماخوذ ہے جس کو 2015 میں بیسٹ سیلر ناول قرار دیا گیا تھا۔
ایک طرف جہاں پرینیتی کے مداحوں نے انہیں سراہتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں کچھ نے ان کی اداکاری پر بھی سوال اٹھا دیا۔

پائریٹ ابھی نامی صارف نے لکھا ’کیوں بہن، کیوں اچھی خاصی مووی خراب کرنی ہے؟‘

ایک اور صارف خوشبو سونی نے ٹویٹ میں لکھا ’ہر اداکارہ فلم ریلیز ہونے سے پہلے یہی کہتی ہے۔‘ انہوں نے ساتھ میں یہ مشورہ بھی دیا ’اس کے بجائے یا تو ہالی وڈ کا اصل ورژن دیکھیں یا پھر ناول پڑھ لیں۔‘

شیئر: