Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’او آئی سی سے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں‘

فردس عاشق اعوان نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کی گولڈن جوبلی تقریب کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی ہے۔
 وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو خصوصی پیغام پہنچایا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
 پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ’فردس عاشق اعوان نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک مظلوم کشمیریوں کی آواز سنیں۔ خود ارادیت کے لیے انڈیا پر دباؤ بڑھایا جائے۔‘
 معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
انڈیا نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
 انہوں نے مزید کہا ’بابری مسجد کے فیصلے سے سیکولر انڈیا کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ ناروے میں پیش آنے والے واقعہ پر او آئی سی کو مسلم امہ کی جانب سے متفقہ مؤقف پر زور انداز میں اپنانا چاہیے۔
پاکستان او آئی سی کے ساتھ ہر قسم کے تعاون اور سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔

فردوس عاشق او آئی سی کی پچاسویں سالگرہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے جدہ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسلام کا حقیقی اور روشن چہرہ متعارف کرانے کے لیے پر عزم ہیں۔
 ’عمران خان چاہتے ہیں او آئی سی کے ذریعے ریاست مدینہ کا حقیقی تصور دنیا کے سامنے لایا جائے۔ اسلام کا حقیقی چہرہ سامنے لا کر اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو شکست دی جا سکتی ہے۔
 قبل ازیں گولڈن جوبلی تقریب میں آمد پرگورنر مکہ شہزادہ خالد بن فیصل بن عبدالعزیز نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی کاخیر مقدم کیا۔
 فردوس عاشق اعوان سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر پیر کی شب جدہ پہنچیں تھیں۔ ایئرپورٹ پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان شیخ اور قونصلیٹ کے افسران نے استقبال کیا۔
فردوس عاشق او آئی سی کی پچاسویں سالگرہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے ساتھ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی اور سعودی عرب میں موجود پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کریں گی۔

 

شیئر: