جدہ کے قدیم بازاروں میں کیا کچھ ہے؟

العلوی بازارجدہ کے تاریخی علاقے کا دھڑکتا ہوا دل ہے، فوٹو: الرجل
جدہ شہر بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ یہ سعودی عرب کا مغربی شہر ہے۔ یہاں کے عوامی بازار ماضی قدیم سے اپنی شہرت اور اپنی حیثیت منوائے ہوئے ہیں۔ جدید ترین تبدیلیوں کے باوجود جدہ کے عوامی بازار اپنی رونق اور اپنی کشش برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ یہ جدید تجارتی مراکز اور مالز سے ٹکر لے رہے ہیں۔ جدہ کے تاریخی شہر کی یہ انفرادیت پوری آب و تاب کے ساتھ اب بھی قائم ہے۔
المدینہ اور الرجل کے مطابق جدہ کے قدیم اور مشہور بازار دنیابھر کے سیاحوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں۔ یہاں ایشیائی، افریقی اور یورپی ممالک کے باشندے تحائف اور عوامی ملبوسات خریدنے کے لیے آتے ہیں۔ حج او رعمرے پر آنے والے اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے ان بازاروں سے روایتی اشیا کم نرخوں پر خرید کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔
 جدہ کے مشہور اور قدیم ترین بازار یہ ہیں۔

 الکندرة بازار کی گولڈ مارکیٹ بہت مشہور ہے، فوٹو: الرجل

الندی بازار:

یہ قدیم شہر کے فصیل والے حصے میں واقع ہے اور قریباً ڈیڑھ سو برس پرانا ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں ہر طرح کے عوامی کھانے اور تازہ غذائی اشیا وافر مقدار میں دستیاب ہوتی ہیں۔ یہاں آنے والے ملبوسات، جوتے، ٹوپیاں، سر پر رکھنے والے رومال، عبائے اور کپڑے ضرور خریدتے ہیں۔

العلوی بازار: 

یہ جدہ کے تاریخی علاقے کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ یہاں اہم تاریخی گھر، عمارتیں اور مساجد موجود ہیں۔ اس کی شہرت کی وجہ یہ ہے کہ قدیم زمانے میں تاجر یہاں جمع ہوا کرتے تھے۔ یہ البدو بازار اور قابل بازار کی سڑکوں کے درمیان واقع ہے۔ یہ مکہ گیٹ اور جدہ بندرگاہ کو جوڑتا ہے۔


سوق العلوی بازار، جدہ کے البلد علاقے اور سونے کی مارکیٹ کو جوڑتا ہے، فوٹو الرجل

الخاسکیة بازار:

یہ قدیم جدہ میں شیخ محمد نصیف ہاﺅس کے عقب میں قابل سٹریٹ پر واقع ہے۔ یہ نسبتاً نیا بازار ہے۔ یہاں ریستوران، عوامی چائے خانے اور کثیر تعداد میں دکانیں ہیں۔ اس بازار میں آنے والے نہ صرف یہاں سے مختلف سامان خریدتے ہیں بلکہ ان کی یہاں آمد کا مقصد سیر و تفریح بھی ہوتا ہے۔ اسے جدہ شہر کے نمایاں اور قابل دید مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی، حاجی اور عمرہ زائرین بھی آتے ہیں۔

البدو بازار: 

یہ جدہ کے تاریخی علاقے کا بہت مشہور بازار ہے۔ یہ جدہ کے بہترین عوامی بازاروں میں سے ایک ہے۔ یہ جدہ کے معروف مقام باب مکہ میں واقع ہے۔ یہاں مختلف اشیا سستے داموں مل جاتی ہیں۔ یہاں انواع و اقسام کے کپڑے، کھانے کا سامان ، عبائے، مسالہ جات، مختلف قسم کی چائے، فرنیچر اور کرسٹل فروخت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ریستوران اور عوامی چائے خانے بھی کثیر تعداد میں کھلے ہوئے ہیں۔ یہاں بچوں کی تفریح کا سامان بھی موجود ہے۔


حراج الصواریخ بازارمیں سوئی سے لے کر طیاروں کے پرزوں تک سب کچھ ملتا ہے، فوٹو: الرجل

الجامع بازار:

یہ البدو بازار کے مغرب میں حارة المظلوم میں واقع ہے۔ اسے الجامع بازار اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ یہاں تاریخی امام شافعی جامع مسجد موجود ہے۔ جدہ کے اس تاریخی علاقے میں چھوٹی بڑی بہت ساری دکانیں موجود ہیں جن پر مختلف اقسام  کے رنگ برنگے کپڑے فروخت ہوتے ہیں۔ یہاں کڑھائی والے کپڑوں کے علاوہ مشہور مارکہ جات کے کپڑے بھی دستیاب ہیں۔

حراج الصواریخ بازار:

یہ جدہ کا مشہور ترین عوامی بازار ہے۔ یہ رقبے کے لحاظ سے دنیا کے بڑے بازاروں میں سے ایک ہے۔ یہ ڈھائی لاکھ مربع میٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سوئی سے لے کر طیاروں کے پرزوں تک سب کچھ ملتا ہے۔ یہاں 12 ہزار سے زیادہ دکانیں، 26 تجارتی مراکز اور 10 ہزار فرشی دکانیں ہیں۔


باب شریف کا بازار جدہ شہر کا قدیم ترین عوامی بازار ہے، فوٹو: الرجل

الکندرة بازار:

اس بازار میں سناروں کی دکانیں بھی موجود ہیں۔ الکندرة بازار کی گولڈ مارکیٹ بہت مشہور ہے۔ یہاں قیمتی پتھروں کا لین دین بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے یہ شہر کا سب سے بڑا مرکز ہے۔

قابل بازار:

جدہ میں قابل سٹریٹ بڑی مشہور ہے۔ اسی کے نام سے جدہ کا معروف اور منفرد بازار بنا ہوا ہے۔ یہاں بہت سارے تجارتی مراکز ہیں۔ سیاح اور شہر کے پرانے اور نئے باشندے یہاں اپنی پسند کا سامان خریدنے کے لیے ضرور آتے ہیں۔ یہاں ملبوسات، کپڑوں، جوتوں، سونے کے زیورات، سونے کے کام والا سامان، گھریلو برتن اور مٹھائیاں فروخت ہوتی ہیں۔ یہاں کرنسی تبدیل کرنے والی دکانیں بھی موجود ہیں۔

البدو بازار کے مغرب میں حارة المظلوم میں واقع ہے، فوٹو الرجل

قدیم البلد بازار:

یہ جدہ شہر کے مرکز میں واقع ہے۔ اسے عربی میں سوق البلد قدیمہ کہتے ہیں۔ یہاں چھوٹی بڑی دکانیں کثیر تعداد میں ہیں جن میں ملبوسات اور تحائف کی دکانیں بھی ہیں۔ یہاں انواع و اقسام کے کپڑے فروخت ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے جدہ کا اہم ترین عوامی بازار مانا جاتا ہے۔

باب شریف بازار:

یہ جدہ شہر کا قدیم ترین عوامی بازار ہے جو 100 برس پرانا ہے۔ یہ جدہ تاریخی شہر کے جنوب میں الخاسکیة کے قریب واقع ہے۔ یہاں 200 سے زیادہ دکانیں ہیں جہاں  مناسب نرخوں پر مختلف قسم کی اشیا اور سامان مل جاتا ہے۔
                     
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: