Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپانی اپنی گرل فرینڈ سے: ’آؤ چاند پر چلیں‘

یوساکو میزاوا 2023 یا اس کے بعد چاند کی جانب سفر کا ارادہ رکھتے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
اپنے جیون ساتھی کے ساتھ دنیا کے سفر پر نکل جانا تو کچھ اچنبھے کی بات نہیں مگر کیا آپ نے کبھی یہ سنا ہے کہ کسی نے اپنے ساتھی کو چاند کے سفر کی پیش کش کی ہو؟
جاپان میں ایک ارب پتی شخص نے ایسی گرل فرینڈ کے لیے آن لائن اشتہار جاری کیا ہے جو ان کے ساتھ خلائی راکٹ میں چاند کے گرد چکر لگا سکے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق یوساکو میزاوا جنہوں نے حال ہی میں جاپانی اداکارہ کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، اب 20 اور اس سے زائد سال کی خواتین کے لیے درخواستیں وصول کر رہے ہیں جو اپنی زندگی بھرپور طریقے سے جینا چاہتی ہیں۔
رشتہ ڈھونڈنے کا یہ عمل ایک ویب سٹریمنگ سروس کے لیے ایک ٹی وی شو کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
یوساکو میزاوا جن کے دو خواتین سے تین بچے ہیں، نے اشتہار میں کہا ہے کہ ’میں نے بالکل ویسے ہی زندگی جی ہے جیسا کہ میں چاہتا تھا۔ اب میں 44 سال کا ہوں، اکیلے پن اور اداسی کی ایک لہر میرے اندر آہستہ آہستہ سرایت کر رہی ہے تو اب میں صرف ایک ہی چیز کے بارے میں سوچتا ہوں اور وہ ہے ایک عورت کو چاہتے رہنا۔‘
 

یوساکو میزاوا نے حال ہی میں جاپانی اداکارہ کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)

میزاوا نے اپنی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ میں بھی تشہیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کیوں نہ آپ چاند کا سفر کرنے والی ’پہلی خاتون‘ بنیں؟
یوساکو میزاوا کے ساتھ چاند پر جانے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 جنوری 2020 ہے۔ وہ درخواست دینے والی خواتین کے ساتھ ملاقات کر کے مارچ کے آخر میں اپنا حتمی فیصلہ سنائیں گے۔
آن لائن فیشن کمپنی ’زوزو‘ کے سابق چیف میزاوا نے اپنی کمپنی، یاہو جاپان کو گذشتہ سال فروخت کردی تھی۔
وہ 2023 یا اس کے بعد ذاتی حیثیت میں چاند کی جانب سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

شیئر: