Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ

وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھل سکے گا (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت اوورسیز نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس‘ منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
وزارت اوورسیز کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت تمام کمرشل بینکوں اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

 

بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔
بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بنیادی معلومات اور دستاویز آن لائن فراہم کرنا ہوں گی۔
بیان کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا۔ فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔
منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے۔
بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔ رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کے لیے براہ راست ٹرانزیکشن کی سہولت مل سکے گی۔
اوورسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے اور وہ جس وقت چاہیں اپنا سرمایہ بغیر پیشگی اجازت نکال سکتے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کا شاندار موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ 'ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔'

شیئر: