Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: خصوصی مہارتوں کے حامل غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا فیصلہ

’سرمایہ کاروں اور خصوصی مہارتوں والے افراد کو ان کی اصلی شہریت بھی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی‘ (فوٹو: شیخ راشد ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات نے شہریت کے قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شہریت کے قانو ن میں تبدیلی کی منظوری دی ہے۔
شیخ راشد نے سنیچر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’صدر مملکت سے منظوری لینے کے بعد اب سرمایہ کاروں، غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد اور اپنے شعبے میں خصوصی مہارتوں کے حامل افراد کو شہریت دی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سائنس دانوں، ڈاکٹروں، انجینئروں، آرٹسٹوں اور اعلٰی ڈگریوں کے حامل افراد کو بھی شہریت دی جائے گی‘۔
’ایسے لوگوں کو اماراتی پاسپورٹ دیا جائے گا جبکہ انہیں ان کی اصلی شہریت بھی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی‘۔
’اس کا مقصد دنیا کی ایسی شخصیات کو ملک کی تعمیر و ترقی میں شامل کرنا ہے جو ملک میں رہ کر مجموعی مفاد کے لیے کام کرسکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ایسے افراد کو اماراتی کابینہ اور مقامی مجالس عاملہ کے ذریعے شہریت کے لیے منتخب کیا جائے گا‘۔

شیئر: