Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکم مارچ سے پاکستان کے تمام سکول معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان

وزیر تعلیم کے مطابق سکولوں پر وقفے کے ساتھ کلاسز کی پابندی 28 فروری تک تھی (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ یکم مارچ سے پاکستان کے تمام سکولوں میں معمول کے مطابق پانچ روزہ کلاسز کا آغاز ہوگا۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ’چند بڑے شہروں میں سکولوں پر وقفے کے ساتھ کلاسز کی پابندی 28 فروری تک تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ اعلان ان تمام تعلیمی داروں کے لیے ہے جن پر پابندی لگائی تھی۔ خدا کا شکر ہے کہ ہم معمول کی طرف واپس آ رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سکولوں کو بند کرکے آن لائن کلاسوں کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
پاکستان میں چھ ماہ تک بند رہنے کے بعد سکولوں کو گذشتہ سال ستمبر میں کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم انہیں نومبر میں واپس بند کر دیا گیا تھا۔
جنوری میں کچھ سکول کھلنا شروع ہوئے تھے، تاہم کئی ایسے تھے جہاں معمول کے مطابق ہفتے میں پانچ دن کلاسز نہیں ہو رہی تھیں۔
کچھ روز قبل نئے تعلیمی سال سے متعلق وفاقی حکومت نے  اگست میں اس کے آغاز کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تھا جبکہ پرائیویٹ سکولوں کی اکثریت بضد ہے کہ وہ اپریل میں ہی نئی جماعتوں کا آغاز کر دیں گے۔
والدین نئے قومی نصاب کی وجہ سے سال میں دو مرتبہ کتابیں خریدنے اور حکومت اور سکولوں کی انتظامیہ کے الگ الگ اعلانات کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔

شیئر: