Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ’گیم چیجنگ‘ منصوبے

سعودی عرب میں کئی دہائیوں سے صرف جنوبی ایشیا کے ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن ہی کرکٹ کھیلتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں کرکٹ ایک بڑی چھلانگ کے لیے تیار ہے کیونکہ ملک میں اس کھیل کا ادارہ مقابلوں اور پروگراموں کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے جس سے نوجوانوں کو دنیا کے اس قدیم اور مقبول کھیل کی جانب راغب کیا جا سکے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں کئی برسوں بلکہ کئی دہائیوں سے کرکٹ صرف جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن ہی کھیلتے تھے لیکن حالات اب تیزی سے بدلنے والے ہیں۔
سنہ 2020 میں قائم ہونے والی سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) نے مملکت میں رہنے والے سعودیوں اور تارکین وطن میں اس کھیل کے فروغ کے لیے کئی بڑے پروگرام ترتیب دیے ہیں۔
سب سے بڑھ کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی منصوبے بنائے گئے ہیں تاکہ سعودی عرب کی قومی ٹیم مستقبل میں دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کر سکے۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن، جس کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال السعود ہیں، ملک میں کرکٹ کے تمام معاملات کو دیکھنے والا واحد ادارہ ہے۔ کھیلوں کی تمام سرگرمیوں میں ایک سال کی رکاوٹوں کے بعد اب کرکٹ کو نیا آغاز کرنا ہے۔
ایس اے سی ایف کے چیئرمین نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گذشتہ سال کورونا وبا کی وجہ سے ہم بدقسمتی کا شکار رہے، لیکن حالات میں بہتری کے بعد ہم نے اگست میں آغاز کیا اور تب سے ہم بہت سارے پروگراموں کو ترتیب دینے میں مصروف ہیں۔‘

شہزادہ سعود بن مشال السعود کا کہنا ہے کہ ’نیشنل کرکٹ چیمپین شپ سعودی عرب کی تاریخ میں کرکٹ کا سب سے بڑا نوڑنامنٹ ہو گا‘ (فوٹو: عرب نیوز)

’ہم نے سرکاری اور نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ کئی ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے سپورٹس فار آل فیڈریشن کے ساتھ چار پروگراموں کے انعقاد کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور ہم نیشنل کرکٹ چیمپین شپ کے ساتھ آغاز کریں گے۔‘
شہزادہ سعود بن مشال السعود کا اس چیمپن شپ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’یہ سعودی عرب کی تاریخ میں کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہو گا۔‘
’ہمارے پاس اس بڑے مقابلے میں مملکت کے 11 شہروں کے 100 سے زائد گراؤنڈز میں کھیلنے کے لیے سات ہزار سے زائد کھلاڑی اور 360 ٹیمیں موجود ہیں۔‘
اس مقابلے کی تیاری سے ریاض، دمام، جبیل، مدینہ، جدہ، تبوک، ینبع، ابھا، جازان، القصیم اور نجران میں کرکٹ کے مقابلے نظر آئیں گے۔

نیشنل کرکٹ چیمپین شپ کے پہلے ہفتے میں 214 ٹیموں کے درمیان ایک سو سات میچز کھیلے جائیں گے۔ دوسرے ہفتے میں 170 ٹیموں کے درمیان 85 میچز ہوں گے۔
تیسرے ہفتے میں 226 ٹیموں کے درمیان 113 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ چوتھے اور آخری ہفتے میں جو 26 مارچ کو مکمل ہو گا 288 ٹیموں کے درمیان ریکارڈ 144 مقابلوں کا انعقاد ہو گا اور ان میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔
شہزادہ سعود سکول کی مزید سرگرمیوں اور کمیونٹی پروگراموں کے ذریعے سعودی نوجوانوں کو کرکٹ کی جانب مائل کرنے کے خواہ ہیں۔
ایس اے سی ایف کا پیغام واضح ہے کہ یہ ملک کرکٹ کے لیے کھلا ہے اور سب کو خوش آمدید ہے۔

شیئر: