Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہل خانہ کے کسی ممبر کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے پر اقامہ تجدید ہو سکتا ہے؟

اہل خانہ کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں ہنگامی حالت میں سفرکرنے کے لیے دشواری کا سامنا ہوتا ہے (فوٹو:ایس پی اے)
سعودی عرب میں اقامہ قوانین کے مطابق غیر ملکیوں کے اقامے کا اجرا اور تجدید کے لیے پاسپورٹ اہم ہے۔ پاسپورٹ کی مدت پانچ یا 10 برس ہوتی ہے جبکہ اقامہ کی سالانہ بنیاد پرتجدید کی جاتی ہے۔
جوازات کے سسٹم میں ہرغیر ملکی کارکن کے اقامے اور پاسپورٹ کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔ اگرکارکن کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہو تو سسٹم میں اقامہ کی تجدید ممکن نہیں ہوتی اس لیے پاسپورٹ ایکسپائر ہونے سے قبل اسے تجدید کرانا ضروری ہوتا ہے۔ 
پاسپورٹ تجدید کرانے کے بعد اس کی معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہوتی ہے تاکہ سسٹم اپ ڈیٹ رہے۔ پاسپورٹ کی معلومات جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرانے کے عمل کو عربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے۔ 
غیرملکی کارکن کے اہل خانہ اس کی زیرکفالت ہوتے ہیں جن کے معاملات کو جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ رکھنا کارکن کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے فیملی کے اقامے کی تجدید کے حوالے سے دریافت کیا ہے کہ ’اہل خانہ میں سے کسی ایک یا دو افراد کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں اقامہ تجدید کرایا جا سکتا ہے؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’اہل خانہ میں سے کسی کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید میں کوئی امر مانع نہیں ہوتا۔‘ 
واضح رہے کہ سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید کے ساتھ ہی تمام اہل خانہ کے اقامے کی از خود تجدید ہو جاتی ہے جس کے لیے فیملی پرعائد ماہانہ بنیاد پرفیس ادا کرنا بنیادی شرط ہے۔ 
جوازات کے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے اقامہ کارڈ پر اب مقررہ مدت ختم ہونے کی تاریخ درج نہیں کی جاتی جبکہ قبل ازیں اقامہ کارڈ ایک برس کے لیے بنایا جاتا تھا جسے تجدید کے وقت دوسرا پرنٹ کرنا ضروری ہوتا تھا۔

اقامہ تجدید کے لیے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد سسٹم میں سالانہ بنیاد پرتجدید کردی جاتی ہے (فوٹو: جوازات ٹوئٹر)

اب یہ سسٹم ختم کردیا گیا ہے اوراقامہ کارڈ پر مقررہ مدت ختم ہونے کی تاریخ (ایکسپائری) درج نہیں کی جاتی۔ 
اقامہ تجدید کے لیے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد سسٹم میں سالانہ بنیاد پرتجدید کردی جاتی ہے۔ اقامے کی تجدید ہوتے ہی اقامہ ہولڈر کے موبائل پر پیغام ارسال کردیا جاتا ہے جبکہ جوازات کے ابشر پورٹل پربھی کارکن کے اقامے کی تاریخ درج کردی جاتی ہے۔ 
کارکن کیونکہ اپنے اہل خانہ کا کفیل ہوتا ہے اس لیے تجدید کے وقت صرف سربراہ خانہ کے اقامے کی تجدید کے لیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔
ماضی میں جب ڈیجیٹل اقامہ سسٹم رائج نہیں ہوا تھا اس وقت کارکن کے تمام اہل خانہ کے کارآمد پاسپورٹ درکار ہوتے تھے جس کے بعد ہی ان کے اقامے بھی تجدید کیے جاتے تھے۔ 
خیال رہے کہ پاسپورٹ بین الاقوامی شناختی دستاویز ہوتی ہے جس کا ہمیشہ کارآمد ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ پاسپورٹ ایکسپائر ہونے سے قبل ہی اس کی تجدید کرانے کے بعد جوازات کے سسٹم میں نئے پاسپورٹ کی معلومات فیڈ کردی جائیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
اہل خانہ کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں ہنگامی حالت میں سفرکرنے کے لیے دشواری کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ اس پر نہ تو خروج وعودہ لگایا جاسکتا ہے اور نہ ہی فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کرنا ممکن ہوتا ہے اس لیے پاسپورٹ کو ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالات میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

شیئر: