Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں نے کیا برا کیا تھا‘، دوست نے دوست کو گاڑی میں جلا کر مار دیا

ملزم سعودی شہری کے بچپن کا دوست تھا، ایک محلے میں رہائش پذیرتھے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں دوست کو کار میں جلا کر مارنے کے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے گاڑی سے شعلے اٹھتے نظر آ رہے ہیں۔ گاڑی کے اندر موجود شخص کی چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے۔
 مرنے والے شہری کے والد کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں میں وہ دکھ بھرے لہجے میں یہ سوال کررہا ہیں کہ ’میرے بیٹے نے کیا برا کیا تھا؟‘۔ 
 ’اس قسم کی حرکتیں پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔ یہ ایسا سنگین جرم ہے جس کا ہمارے معاشرے سے کوئی تعلق نہیں۔‘ 
والد نے مزید کہا کہ ’ملزم تنہا نہیں تھا بلکہ کچھ اور لوگ بھی ساتھ تھے۔‘
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’یہ واقعہ الاسکان الجنوبی محلے کی پارکنگ میں پیش آیا۔ سعودی شہری بندر القرھدی اپنی گاڑی میں موجود تھا۔ اس کا دوست پرانے تنازع پر بات چیت کے بہانے آیا اور تیزی سے گاڑی میں آگ لگا کر فرار ہوگیا۔‘
عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا کہ ’آگ سے جھلسنے کے باجود سعودی شہری ہمت کرکے گاڑی سے باہر آیا۔ اس نے ایمبولینس طلب کرنے کی درخواست کی اوراپنے دوست سے سوال کیا کہ ’میں نے کیا برا کیا تھا۔‘ 
 بعد ازاں سعودی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ 
گاڑی کو آگ لگانے میں ملوث شخص سعودی شہری کے بچپن کا دوست تھا اور دونوں ایک ہی محلے میں رہائش پذیرتھے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق جدہ پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں کے درمیان پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا۔ ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔‘

شیئر: