Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں موجود ایرانیوں کے لیے امیگریشن رُولز میں نرمی کا اعلان

ایرانی تعلیم یا کام کے لیے نئے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے (فوٹو: اے پی)
ایران میں ‘انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی‘ کے بعد کینیڈا کی حکومت نے ملک میں موجود ایرانیوں کے لیے امیگریشن رُولز میں نرمی کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس پیش رفت سے ایسے ایرانیوں کے لیے آسانی پیدا ہو گی جو اپنے عارضی سٹیٹس میں توسیع چاہتے ہیں۔‘
ایرانی تعلیم یا کام کے لیے نئے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے اور ان سے فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔
وہ کام کرنے کے لیے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے کسی بھی شعبے یا ادارے میں کام کر سکیں گے۔
امیگریشن کے وزیر شان فریسر نے کہا کہ ’ایرانی حکومت کے غیر انسانی سلوک پر کینیڈا چپ نہیں بیٹھ سکتا۔‘
امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا کہ ’کینیڈا میں موجود ایرانیوں کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں گی اور یہ سلسلہ یکم مارچ سے شروع ہو گا۔‘
حالیہ مہینوں میں کینیڈا نے حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ایرانی تنظیموں اور حکام پر پابندیاں لگائی ہیں۔

شیئر: