Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسد عمر سمیت تین پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل

عدالت نے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے بھی روک دیا (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے بھی روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 فروری کو تحریک انصاف کے سابق ممبران قومی اسمبلی اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز بیرسٹر علی ظفر نے بیرسٹر گوہر علی کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ’الیکشن کمیشن نے 17 جنوری2023 کو جاری نوٹیفکیشن میں پی ٹی آئی کے چند اراکین کے استعفے قبول کیے، ہمارے استعفے 123 ممبران کے تھے اور تمام نے ڈی سیٹ ہونا تھا۔‘
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ’استعفے منظور کرکے ڈی نوٹی فائی کرنا کالعدم قرار دے کر بحال کیا جائے اور حتمی فیصلے تک عدالت استعفوں پر عمل درآمد روک دے۔‘
الیکشن کمیشن اور سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔ 
درخواست میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔

شیئر: