Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وفد کا دورہ جرمنی، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ

مملکت میں پانی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پریزنٹیشنز دی گئی ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں سرمایہ کاری کا امکانات کا جائزہ لینے کے لیے متعدد سرکاری اور نجی ایجنسیوں کے ایک وفد نے حالیہ دنوں جرمنی کا دورہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وفد نے برلن، ہیمبرگ اور ڈسلڈورف کے دورےکیے جس میں پانی اور فضلہ کے انتظامی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔
وفد میں ماحولیات، پانی اور زراعت کی وزارت، سرمایہ کاری کی وزارت، مقامی مواد اور سرکاری خریداری اتھارٹی، رائل کمیشن فار جوبیل اینڈ ینبع، نیشنل سینٹر فار ویسٹ مینجمنٹ،نیشنل سینٹر فار پرائیویٹائزیشن، سلین واٹر کنورژن کارپوریشن، نیشنل واٹر کمپنی، سعودی واٹر پارٹنرشپ کمپنی، سعودی انویسٹمنٹ ری سائیکلنگ کمپنی اور کئی دیگر سعودی فرمیں شامل تھیں۔
وفد نے پائیدار وسائل کے انتظام کے مستقبل کے ساتھ فضلہ اور پانی کے انتظامی شعبے میں جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
دورے میں مملکت کے اقتصادی منصوبوں، اعلیٰ معیار کی خدمات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں نجی شعبے کے کردار کے بارے میں گفتگو شامل تھی۔
مملکت کے پانی کے شعبے میں سرمایہ کاری، انتظام اور خریداری سے متعلق متعدد موضوعات پر پریزنٹیشنز دی گئیں۔
حکومت،نجی شعبے،کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے نمائندوں کے درمیان دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں جس میں دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع، مہارت کے تبادلے، تعاون اور سرمایہ کاری کی شراکت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
انویسٹ ان سعودی عرب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم سعودی عرب میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تیار کر رہے ہیں اور فضلہ اور پانی کے انتظامی شعبوں میں مطالبات کو پورا کرنے کے لیے اختراعی سلوشنز نکال رہے ہیں‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ مقامی مواد اور سرکاری پروکیورمنٹ اتھارٹی نے قومی معیشت میں مقامی مواد کو فروغ دینے اور سرکاری خریداری کے عمل کو بڑھانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا ہے‘۔
نیشنل سینٹر فار ویسٹ مینجمنٹ کے عہدیداروں نے سعودی عرب کی ویسٹ مینجمنٹ کی پیشرفت، قانون سازی کے فریم ورک اور سرمایہ کاری کے 70 سے زیادہ مواقع پر روشنی ڈالی۔

شیئر: