Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم

اماراتی مندوب نے اعلان سلامتی کونسل کے مباحثے کے دوران کیا ہے۔ ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی مدد کے لیے نئے ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اس پلیٹ فارم سے متاثرہ ممالک تیز اور زیادہ موثر سپورٹ حاصل کرسکیں گے۔
 امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق اقوام متحدہ میں متعین امارات کی مستقل مندوب لانا زکی نسیبہ نےعالمی امن و سلامتی کی بحالی سے متعلق سلامتی کونسل کے مباحثے کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔ 
 سلامتی کونسل میں ہونے والے مباحثے کی صدارت البانیا کی وزیر برائے یورپی ممالک کر رہی ہیں۔ البانیہ نے ستمبر میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے۔ 
امارات کی مستقل مندوب نے کہا کہ ’ڈیجیٹل رسپانس پلیٹ فارم قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کو یہ  بتانے کے قابل بنائے گا کہ کن علاقوں میں کس نوعیت کی امداد درکار ہے تاکہ پروگرام میں شریک ممالک امداد کی تیزی سے فراہمی کو یقینی بنا سکیں۔‘
اماراتی مندوب لانا زکی نسیبہ کا کہنا ہے کہ ’ڈیجیٹل پلیٹ فارم جدید ترین ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور جغرافیائی ٹولز کا استعمال کرے گا تاکہ ڈیٹا میں کسی قسم کی کوئی گڑبڑ نہ ہو اور محفوظ طریقے سے تمام معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔‘ 
لانا زکی نسیبہ نے کہا کہ ’ان دنوں ہم انسانی امدادی عمل کے نظام میں بحران سے دوچار ہیں۔ موجودہ بحرانوں کے ساتھ  چلنے کے سلسلے میں پرانا بنیادی ڈھانچہ غیر موثر ہو گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں انسانی امدادی عمل میں حصہ لینے والے بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔ دبئی میں قائم انٹرنیشنل ہیومینٹرین سٹی دنیا کا سب سے بڑا انسانی لاجسٹکس کا مرکز ہے جہاں 62 فلاحی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کے تحت ایجنسیاں شامل ہیں۔ 

شیئر: