Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب  کے غیر ملکی  سفارت خانوں میں یوم تاسیس کی تقریبات

لندن کے سعودی سفارت خانے میں’ ہمارے آغاز کا دن ‘ کے عنوان سے شاندار تقریب ۔ فوٹو واس
سعودی عرب  کے غیر ملکی سفارت خانوں میں اختتام ہفتہ سعودی شہریوں اور غیر ملکی زائرین  کے لیے یوم تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی  واس کے مطابق مملکت کے یوم تاسیس پر ثقافتی فنون کے حوالے سے قاہرہ کے سفارت خانے میں سعودی سفیر صالح الحسینی کی قیادت میں خصوصی نمائش اور پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔
کرغزستان میں سعودی سفارت خانے نے مملکت کے سفیر ابراہیم بن راضی الراضی کی سربراہی میں کرغز سٹیٹ ہسٹری میوزیم میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔
یوم تاسیس کی تقریب میں سفارتی عملے کے ہمراہ  متعدد سفارتی مشنز کے سربراہان، کرغیز حکام، میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں سجائے گئے مختلف پویلینز میں عربی خطاطی، سعودی قہوہ، عقاب، روایتی لباس اور سعودی پکوان کو نمایاں کیا گیا۔
یوم تاسیس کے حوالے سے تصویری نمائش اور خصوصی پویلین میں دستاویزی فلم پیش کی گئی۔
لندن میں سعودی سفارت خانے کے ثقافتی اتاشی  کی زیرنگرانی ’ ہمارے آغاز کا دن ‘  کے عنوان سے شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

یوم تاسیس کی تقریب میں عربی خطاطی کو نمایاں کیا گیا۔ فوٹو واس

برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم سعودی طلبہ  نے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر مملکت کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کے حوالے سے نمائش کا اہتمام تھا۔
نمائش میں بچوں کے لیے مختلف سرگرمیاں اور مقابلوں کے علاوہ روایتی دستکاری، پینٹنگز اور ثقافتی نوادرات رکھی گئی تھیں، اس کے علاوہ مملکت کے علاقائی روایتی ملبوسات اور دلکش انداز میں مقامی ثقافت پیش کی گئی۔

مملکت کی پہلی ریاست امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی۔ فوٹو واس

ہر سال22  فروری کو سعودی عرب کا یوم تاسیس منایا جاتا ہے۔ 1727ء میں اس روز مملکت کی پہلی ریاست امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی تھی۔
 

 

شیئر: