سعودی ٹورازم اتھارٹی نے ’کلر یورز سمر‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس میں مملکت کے قدرتی اور ثقافتی تنوع کی نمائش کی جائے گی۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا کہ یہ نمائشی پروگرام اس سال ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
اس پروگرام کے تحت چھ بڑے مقامات پر مختلف ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جو ’پہاڑوں اور ندیوں کے سنگم پر ہوں گے اور جن میں مہم جوئی اور تفریح دونوں ہی کا امتزاج ہو گا۔‘

سعودی ٹوئرازم اتھارٹی کو توقع ہے کہ یہ پروگرام مملکت اور مملکت کے باہر سے اس برس 41 ملین سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔
اس بات کی بھی توقع کی جا رہی ہے کہ سیاحت پر اخراجات 73 بلین سعودی ریال سے بڑھ جائیں گے جو تقریباً 19.47 بلین امریکی ڈالر کے مساوی ہیں۔
عصیر میں سمر سیزن کی میزبانی کے دوران ’موسیقی، فن اور ثقافت سے بھرپور ایونٹس ہوں گے جن میں المتاحۃ گاؤں اور پلیٹو ایونٹ بھی شامل ہیں۔‘
اس کے علاوہ پروگرام میں بلند پہاڑوں اور خوشگوار موسم کے عین بیچ ’ایڈوینچر ٹریلز اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں ہوں گی۔ ریجن میں قدیم پتھروں سے بنے گھر بجائے خود ایک ثقافتی یادگار ہوں گے جو سیاحوں کے لیے ایک مستند احساس بن جائیں گے۔‘

اتھارٹی نے ’جزیرہ ایئرویز‘ کے ساتھ شراکت میں حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ کویت سے عسیر تک براہِ راست پروازیں شروع ہوں گی جو ہفتے میں تین بار اڑان بھریں گی۔
ان پروازوں کا آغاز 15 جولائی سے ہوگا اور یہ پروازیں ستمبر تک جاری رہیں گی۔ اس سے سعودی مارکیٹ میں ایئرلائن کی موجودگی کو تقویت ملے گی۔ مملکت میں گرمیوں کے موسم میں مختلف مقامات کو فروغ دینے میں ٹورازم اتھارٹی کو تعاون حاصل ہوگا۔
علاوہ ازیں ریاض بھی اس موسمِ گرما میں دوسرے ’ای سپورٹس‘ ورلڈ کپ کا انعقاد کر رہا ہے جو 8 جولائی سے شروع ہو کر 24 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔
توقع ہے اس ایونٹ پر دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ ہوگی۔ ریاض موسم گرما میں فنوں اور ثقافتی ایونٹس کا مرکز بھی بنا رہے گا اور کئی طرح کے تفریحی شوز کا انعقاد کرے گا۔

جدہ میں ’نیا ساحل‘، پُرتکلُف تفریحی مقامات، یہاں کی متنوع اور منتخب سمندری سرگرمیاں، سیاحوں کو خوش آمدید کہیں گی جہاں وہ آرام اور سکون کے مخصوص ایونٹس میں شریک ہو سکیں گے۔
یہ مقام فیملی اور واٹر سپورٹس کے شوقین افراد کے لیے ایک جیسی تفریح فراہم کرے گا جہاں سیاح سٹی واک اور ’سرکس 1903‘ میں سرکس کی مختلف پرفارمنسز دیکھیں سکیں گے۔
شیبارۃ اورامھات کے جزیرے بھی مملکت کے عیش و آرام والے سیاحتی نیٹ ورک کا حصہ ہوں گے ’جہاں ان کے سفید ریتیلے ساحل، شفاف پانی اور مرجان کی رنگین چٹانیں، مملکت کے ایک آبی سیر و تفریح کی بہترین منزل ہونے کے منصب میں اضافہ کریں گی۔‘

طائف میں اس موسمِ گرما میں سیاح ’پہاڑوں سے آتی ہوئی تازہ دم کرنے والی ہوا اور الردف پارک میں خوشبو سے لدے، طائف کے پھولوں کی بہار کا مزا لیں گے۔
الشفا اور الھدا کے پہاڑ اپنی دھندلکی فضا کا جادو جگائیں گے جو مہم جُو تفریح اور ثقافت کے دلدادہ افراد کو ایک ایسے تجربے سے گزاریں گے جو شہر کی بیش قدر میراث اور تاریخ میں سرایت کیے ہوئے ہے۔
الباحہ میں پہاڑوں کی چوٹیوں سے لے کر رغدان کے جنگلوں میں وادیوں کی گہرائیوں تک دیکھنے کو حسن ہی حسن ملے گا۔‘