تاریخی مساجد کی بحالی کا منصوبہ، مکہ مکرمہ میں مسجد الفتح کی تعمیر نو
جمعرات 19 فروری 2026 0:25
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں تاریخی و قدیم مساجد کی تعمیرِ نو اور بحالی کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان منصوبے پر عمل درآمد جاری ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منصوبے کے تحت مکہ ریجن کی الجموم کمشنری میں واقع تاریخی مسجد الفتح کی بحال کا کام جاری ہے۔
منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں 50 فیصد کے قریب قدیم و تاریخی مساجد کو ان کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے بحال کیا جا چکا ہے۔

مملکت میں تاریخی مساجد کی مجموعی تعداد 130 ہے جن میں سے 60 مساجد کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کا مقصد قدیم و تاریخی مساجد کی اصل علاقائی شناخت کو برقرار رکھنا ہے۔
مسجد کا رقبہ 455.77 مربع میٹر سے بڑھ کر 553.5 مربع میٹر ہو جائے گا اور مسجد میں مصلوں کی تعداد 218 سے بڑھ کر 333 تک ہو جائے گی۔

تاریخی روایات کے مطابق مسجد الفتح میں نبی اکرم ﷺ نے فتح مکہ کے بعد یہاں نماز ادا کی تھی اسی مناسبت سے اس کا نام مسجد الفتح رکھا گیا۔
مسجد الفتح مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ شاہراہ کے قریب واقع ہے اور اس کی تعمیرِ نو کے لیے حجاز کے طرز تعمیر کو اختیار کرتے ہوئے جپسم، لکڑی اور بیسالٹ پتھر کا استعمال کیا گیا ہے۔

مسجد الفتح شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں شامل ہے۔ دوسرے مرحلے میں مملکت کے مختلف علاقوں کی 30 مساجد کو بحالی کے لیے شامل کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس کی مساجد کی تاریخی اور مدہبی اہمیت بڑھانے کے لیے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔
