سعودی ہلالِ احمر کا رمضان آپریشنل پلان، ہنگامی امدادی سینٹر قائم
جمعرات 26 فروری 2026 0:08
الباحہ ریجن میں ہلال الاحمر کی جانب سے رمضان آپریشنل پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
ریجن کے مختلف مقامات پر ہنگامی امدادی سینٹر قائم کیے گئے ہیں جبکہ گراؤنڈ ایمرجنسی سروسز کے لیے اضافی یونٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ریجنل ہلال احمر نے رمضان المبارک میں اہم مقامات پر جہاں افطار سے قبل اور تراویح کے بعد لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، اضافی امدادی یونٹس تعینات کیے ہیں۔
ریجن میں رمضان پلان کے تحت 16 سینٹرز کام کر رہے ہیں جبکہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر 18 سے 20 امدادی یونٹس کے علاوہ انتہائی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے چار اضافی یونٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

ہلال الاحمر کے کنٹرول رومز میں بھی افرادی قوت کو بڑھا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری طور پر قریب ترین موجود یونٹ کو مطلع کیا جا سکے۔
ہلال الاحمر نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ صحت کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں 997 پر امداد طلب کریں۔

علاوہ ازیں ہلال الاحمر کی ایپ ’اسعفنی‘ پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
سعودی ہلال احمر مکہ مکرمہ میں رمضان کے دوران عمرہ سیزن میں اپنے ہنگامی منصوبے پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
