پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان
ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کی رات پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی فی لیٹر نئی قیمت 266 روپے 17 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
اس سے قبل پیٹرول فی لیٹر 258 روپے 17 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اسی نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 280 روپے 86 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 275 روپے 70 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔‘
اس حوالے سے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔‘
