داخلی عازمین کے لیے رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ، پہلا حج کرنے والے اہل ہوں گے
نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں رجسٹریشن کھولی جائے گی۔ (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال داخلی عازمین کی رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ سنیچر 18 اپریل (یکم ذوالقعدہ) سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ مرحلہ ان شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے ہے جنہوں نے گزشتہ پانچ سال میں پہلا حج کیا ہے۔
دوسرے مرحلے میں نسک ایپلی کیشن اور آفیشنل سائٹ نسک ایس اے کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’پہلے مرحلے میں باقی رہ جانے والی نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں دیگر اہل افراد کے لیے رجسٹریشن کھولی جائے گی۔‘
اس سے قبل 23 فروری کو وزارت نے ’داخلی عازمین کے لیے نسک ایپلی کیشن اور آفیشنل سائٹ نسک ایس اے کے ذریعے رجسٹریشن کے آغاز کیا جبکہ 4 مارچ سے حج پیکج کی بکنگ شروع کی گئی۔‘
رجسٹریشن کے لیے شرائط میں کم از کم عمر 15 سال اور منظور شدہ صحت ضوابط کی پابندی اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے لیے کارآمد اقامہ لازمی قرار دیا گیا۔
وزارت کا کہنا ہے رجسٹریشن کے لیے ایک اکاؤنٹ بنا کر اپنی معلومات کا اندراج اور اہلیت کی تصدیق کرنا ہوگی۔ پیکیج کا انتخاب اور سداد کے ذریعے فیس کی ادائیگی کے بعد حج پرمٹ جاری کیا جائے گا۔
