Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران 7 ہزار 760 غیر قانونی تارکین گرفتار

 4 ہزار 690 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور بارڈر قانون کی مزید 7 ہزار 760 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ 4 ہزار690 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق’ 28 سے 3 جون 2026 کے درمیان مجموعی طور پر 4 ہزار 60 افراد کو اقامہ قانون، 2 ہزار 574 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور ایک ہزار 126 کو لیبر لا کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔‘
’غیرقانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 184 افراد کو گرفتار کیا گیا، ان میں 70 فیصد ایتھوپین، 28 فیصد یمنی اور 2 فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں 25 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے، جو سرحد پار کرکے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
 سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 16 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔ 

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے’ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ  ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

 

شیئر: