سیکریٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر محمد العیسیٰ کی شہباز شریف سے ملاقات
منگل 14 جولائی 2026 18:47
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے منگل کو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کا استقبال کیا۔
اس موقعے پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اسلام آباد میں منعقدہ خواتین سے متعلق او آئی سی کی دو روزہ وزارتی کانفرنس میں شرکت کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اسلام کے حقیقی اور معتدل تشخص کو اُجاگر کرنے، امتِ مسلمہ میں اتحاد کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے میں رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے کے حوالے سے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے تعلیم، بین المذاہب مکالمے اور انتہا پسندی و اسلامو فوبیا کے تدارک کے شعبوں میں پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنے احترام کے جذبات اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے اپنے اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عالمِ اسلام میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے رابطہ عالم اسلامی کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے خطے میں امن کی حالیہ کوششوں میں وزیراعظم کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کے سلسلے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی سراہا۔
