سعودی ہلال احمر کو صرف مکہ ریجن سے 6 ماہ میں دو لاکھ سے زیادہ ایمرجنسی کالز موصول
گرمیوں کے موسم کے پیش نظر سعودی ہلال احمر نے ایمبولینس گاڑیوں اور رضاکاروں کی تعداد بڑھا دی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی (ایس آر سی اے) نے مکہ ریجن میں رواں برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران خطے کے گورنریٹس سے دو لاکھ 21 ہزار سے زیادہ سے زائد موصول ہونے والی کالز پر فوری کارروائی کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان کارروائیوں میں سب سے زیادہ تعداد طبی کیسز کی تھی جن کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 282 رہی جبکہ ہنگامی امدادی ٹیموں نے ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات کے 28 ہزار 821 کیسز پر امداد فراہم کی۔
سب سے زیادہ کیس جدہ میں ریکارڈ کیے گئے جہاں ان کی تعداد 93 ہزار 108 رہی جبکہ مکہ میں 80 ہزار 963 اور طائف میں 28 ہزار 32 کیس ریکارڈ ہوئے۔
اپنی مخصوص ہنگامی خدمات کے تحت، سعودی ہلال احمر نے 450 فضائی ایمبولینس مشنز بھی انجام دیے، جن کے ذریعے شدید بیمار مریضوں کو فوری علاج کے لیے مخصوص ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ایمرجنسی ٹیموں نے کارڈیک کیئر پروگرام کے تحت 434 دل کے دورے پڑنے کے کیسز پر کارروائی کی جن میں سے 230 کیسز جدہ، 173 مکہ اور 31 طائف میں پیش آئے۔
گرمیوں کے موسم کے پیش نظر سعودی ہلال احمر نے ان تمام مقامات پر ایمبولینس گاڑیوں اور رضاکاروں کی تعداد بڑھا دی ہے جہاں بڑی تعداد میں وزیٹرز اور سیاح آتے ہیں تاکہ ہنگامی امداد کے کاموں کو مزید تیز اور مضبوط بنایا جا سکے۔
