سعودی شہری نے آخری لمحات میں بیٹے کے قاتل کو معاف کر دیا
سعودی شہری نے معاف کرنے کا فیصلہ اللہ کی رضا اور اجر کے لیے کیا۔( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں معافی اور در گزر کی ایک مثال سامنے آئی ہے۔
سعودی شہری ابراہیم سلامہ الحویطی نے اپنے بیٹے کے قاتل کو آخری لمحات میں اللہ کی رضا کے لیے معاف کردیا۔
ابراہیم سلامہ الحویطی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’جب مجھے معلوم ہوا وہ یتیم ہے اور اپنی ماں کا اکلوتا سہارا ہے تو میرا دل نرم ہوگیا۔ معاف کرنے کا فیصلہ اللہ کی رضا اور اجر کے لیے کیا۔‘
سعودی شہری نے بیٹے کو کھو دینے کے درد کے باجود اپنا غم بھلا کر قاتل کو معاف کردیا اور نوجوان کو نئی زندگی کا موقع دیا۔ یہ اقدام معافی، ایثار، سماجی اور انسانی اقدار کی بہترین مثال ہے۔
اس سے قبل قبیلہ الحویطات اور بنی عطیہ نے ثالثی کی کوششیں کیں تاہم سلامہ الحویطی نے خون بہا کے بغیر اللہ کی رضا کے لیے معافی کا اعلان کرنے میں پہل کی۔
