Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی حکومت کا والدین سے بچوں کے پاسپورٹ کے وقت شہریت یا امیگریشن سٹیٹس کا ثبوت مانگنے پر غور

پیدائشی شہریت کو محدود کرنا صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں میں اولین ترجیح رہا ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکی محکمہ خارجہ نے تجویز دی ہے کہ والدین جب اپنے بچوں کے لیے پاسپورٹ کی درخواست دیں تو انہیں اپنی شہریت یا امیگریشن حیثیت کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔ یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ ترین کوشش ہے تاکہ پیدائشی شہریت کو محدود کیا جا سکے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ مسودہ اس بات کی پہلی تفصیلی جھلک ہے کہ محکمہ خارجہ ٹرمپ کے 6 اگست کے ایگزیکٹو آرڈر کو کس طرح نافذ کر سکتا ہے، جس کا ہدف ’برتھ ٹورزم‘ ہے اور پیدائشی شہریت کی رعایت کو محدود کرنا ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ بالکل واضح ہیں کہ یہ انتظامیہ امریکی شہریت کے معنی اور قدر کو مکمل طور پر محفوظ کرے گی، اور اس میں یہ بھی شامل ہے کہ ہمارا پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل اس معیار کو پوری طرح ظاہر کرے۔‘
پیدائشی شہریت کو محدود کرنا صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں میں اولین ترجیح رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے ان کی پہلی کوشش کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ اُس ابتدائی حکم کے مطابق صرف وہ بچے امریکی شہری بنتے جو کم از کم ایک والدین امریکی شہری یا گرین کارڈ ہولڈر ہوتے۔
سپریم کورٹ نے 6-3 کے فیصلے میں کہا کہ یہ حکم آئین کی 14ویں ترمیم کی ’سٹیزن شپ کلاز‘ کی خلاف ورزی ہے۔
ٹرمپ کا 6 اگست کا نیا حکم نسبتاً محدود ہے اور خاص طور پر ’برتھ ٹورزم‘ کو نشانہ بناتا ہے، یعنی وہ خواتین جو امریکہ آ کر بچے کو جنم دیتی ہیں تاکہ بچہ خودکار طور پر امریکی شہریت حاصل کرے۔ یہ حکم بھی عدالت میں روکا جا سکتا ہے۔
نئی ہدایت کے مطابق شہریت اُن بچوں کو نہیں دی جائے گی جن کے والدین امریکہ میں کسی غیر ملکی حکومت کے لیے کام کرتے ہیں، دھوکہ دہی یا تجارتی لین دین کے ذریعے شہریت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یا ’دشمن غیرملکی‘ کے طور پر درج ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ ’محکمہ والدین کی معلومات اور ان کی شہریت یا امیگریشن حیثیت کا ثبوت طلب کرے گا تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ درخواست دہندہ ایگزیکٹو آرڈر 14418 پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔‘

فی الحال والدین کو صرف اپنی شناخت اور والدین ہونے کا ثبوت دینا ہوتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے مطابق والدین یا قانونی سرپرستوں کو لازمی طور پر درج ذیل ثبوت دینا ہوگا: امریکی پاسپورٹ یا پیدائش کا سرٹیفکیٹ (شہریت کا ثبوت)، یا امیگریشن حیثیت کا ثبوت جیسے I-94 فارم یا گرین کارڈ۔
فی الحال والدین کو صرف اپنی شناخت اور والدین ہونے کا ثبوت دینا ہوتا ہے اور ایک خانے میں یہ نشان لگانا ہوتا ہے کہ وہ امریکی شہری ہیں، لیکن کوئی اضافی دستاویز دینا لازمی نہیں ہے۔
وکلا نے بچوں کی جانب سے اجتماعی مقدمات دائر کیے ہیں جنہیں ٹرمپ کے ابتدائی حکم کے تحت شہریت سے محروم کیا جا سکتا تھا۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ تازہ حکم بھی نافذ نہ ہو۔

 

شیئر: