لاہور میں پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپیئن شپ کے فائنلز اختتام پذیر ہوگئے، مختلف ویٹ کیٹیگریز میں مرد اور خواتین فائٹرز کے سنسنی خیز مقابلے ہوئے جبکہ کامیاب فائٹرز نے نومبر میں جارجیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپیئن شپ کے فائنلز میں مجموعی طور پر 14 فائٹس اور 14 ویٹ کیٹیگریز کے مقابلے شیڈول کیے گئے تھے جن میں 18 مرد اور 10 خواتین سمیت مجموعی طور پر 28 فائٹرز نے حصہ لیا۔ چیمپیئن شپ میں خواتین فائٹرز کی شرکت بھی نمایاں رہی جنہوں نے مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
خواتین کے مقابلوں میں ایٹم ویٹ کی 47.7 کلوگرام کیٹیگری میں سائرہ خان نے مومنہ ارشاد کو شکست دی جبکہ سٹراویٹ کی 52.2 کلوگرام کیٹیگری میں بشریٰ اختر نے بانو کو ہرا کر کامیابی حاصل کی۔ فلائی ویٹ کی 56.7 کلوگرام کیٹیگری میں ماہم بیگ نے حاجرہ بی بی کو شکست دی۔