Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوول ٹیسٹ: معین علی کی ہیٹ ٹرک نے انگلینڈ کو239رنز سے فتح دلادی

لندن: جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کی زبر دست مزاحمت اور شاندار سنچری 136رنزکے باوجود انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں 239رنز سے کامیابی حاصل کر کے 4میچوں کی سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے پانچویں اور آخری دن کے کھیل کی خاص بات ڈین ایلگر کی سنچری اور کھانے کے وقفے کے بعد معین علی کی ہیٹ ٹرک تھی جس کی بدولت انگلینڈ نے نسبتاً جلد یہ فتح سمیٹی ۔جنوبی افریقہ کی ٹیم فتح کے لئے492رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میںاپنی دوسری اننگز میں252رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ معین علی نے 4کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جس میں ہیٹ ٹرک شامل ہے۔انگلش آل راونڈر بین اسٹاکس کو آل راونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے آخری دن 117رنز4وکٹوں پر اپنی دوسری اننگز شروع کی۔ اوپنر ڈین ایلگر72ر اور ٹمباباووما16رنز پر کھیلنے کے لئے آئے ۔ دونوں کے درمیان 108رنز کی شراکت نے انگلش ٹیم کو پریشان کیا لیکن160 کے مجموعی اسکور پر ٹوبی رولینڈ جونز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے با ووما اور ورنن فلینڈر کو آوٹ کر کے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ باووما 32جبکہ فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے چلے گئے۔اس مرحلے پر ٹوبی کو ہیٹ ٹرک کا چانس ملا لیکن وہ تیسری وکٹ حاصل نہ کرسکے۔اس کے بعد کرس مورس نے ایلگر کے ساتھ مل کر ایک اور صبر آزما شراکت قائم کی جس کے دوران اسکور میں45رنز کا اضافہ ہوا تاہم معین علی اس شراکت کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوئے جب انہوں نے کرس مورس کو 24رنز پر بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔کیشو مہاراج نے بھی ایلگر کا اچھا ساتھ دیا اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں مزید 47رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن آخر کار معین علی ٹیم کی مدد کو آئے اور فتح کی راہ میں دیوار بن کر کھڑے ڈین ایلگر کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ایلگر کا کیچ بھی اسٹوکس نے لیا ایلگر نے اپنی شاندار دفاعی اور مزاحمتی اننگز کے دوران 228گیندوں کا سامنا کیا اور 20چوکوں کی مدد سے 136رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس کے بعد معین علی کے لئے بقیہ2وکٹیں لینا مشکل ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے اگلی ہی گیند پر کاگیسو ربادا کو بھی باہر کر دیا اور ہیٹ ٹرک پر آگئے تاہم اس کے لئے انہیں اپنے نئے اوور کا انتظار کرنا پڑااور پھر اگلے اوور میں مورنی مورکل کو کیچ کراکے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار کر دیا۔ مہاراج 24رنز کے ساتھ ناقابل شکست لوٹے۔معین علی نے 45رنز دے کر 4،بین اسٹوکس نے 51رنز کے عوض 2اور ٹوبی رولینڈ جونز نے72رنز دیتے ہوئے 3کھلاڑی پویلین بھیجے۔ 

شیئر: