Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میران شاہ:پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو133رنز سے شکست دیدی

میران شاہ:شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہو نے والے نمائشی میچ میں پاکستان الیون نے یو کے میڈیا الیون کو 133رنز سے شکست دے کر ’پیس کپ 2017‘ جیت لیا۔ پاک فوج کے زیر انتظام کھیلے گئے خیر سگالی ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران یو کے میڈیا الیون نے پاکستان الیون کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے تعاون کے ساتھ فاٹا میں کھیلوں کے ذریعے امن کا پیغام پہنچانے کے لیے میران شاہ میں ’پیس کپ 2017‘ کے نام سے یہ نمائشی میچ منعقد کیا۔پاکستان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت یو کے میڈیا الیون کو 254 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔شاہد آفریدی کے علاوہ اس میچ میں پاکستان الیون کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمر امین نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستان الیون کی جانب سے شاہد خان آفریدی 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے انضمام الحق نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یو کے میڈیا الیون میں صحافیوں کے علاوہ، وکلا، تاجر اور تعلیمی اداروں کی نمائندگی بھی تھی جب کہ اس میچ میں 21 سے 62 سال تک کے کھلاڑی میدان میں اترے۔ یو کے میڈیا الیون کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی 7وکٹوں کے نقصان پ 120رنز بنا سکی۔ اس طرح پاکستان الیون نے یہ میچ 133 رنز سے جیت لیا۔پیس کپ 2017 نمائشی میچ میں پاکستان کرکٹ کے سپر اسٹارزاور سابق کپتانوں انضمام الحق، شاہدآفریدی اور یونس خان کے ساتھ ساتھ کامران اکمل، جنید خان، عمر گل، مشتاق احمد، ریاض آفریدی اور وجاہت اللہ واسطی بھی شریک تھے۔خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم میں اس نمائشی میچ کے انعقاد کا وعدہ کیا تھا۔میچ کا مقصد کھیلوں کے ذریعے امن کا فروغ ہے۔اس میچ کے حوالے سے پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی امن اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔اس میچ کی طرح مستقبل میں بھی کرکٹ کے میدانوں میں ہر طرح کی حمایت جاری رہے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ کھیل قوموں کو یکجا کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ میجر جنرل آصف غفور بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس نمائشی میچ سے لطف اندوز ہونے کےلئے گراونڈ میں مقامی اسکولوں کے طالب علم اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔
 

شیئر: