Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کچن کی صفائی کریں ،ہاتھ کے ہاتھ

کھانا پکانے کے بعد ایک کام جو کرنے کا دل نہیں چاہتا وہ کچن کی صفائی ہے،تو کیوں نہ کچن میں کام اس طرح کیا جائے کہ کھانا پکانے کے بعد زیادہ صفائی کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے لیکن مشکل یہ ہے کہ ہر کوئی اتنی صفائی ، مہارت اور سلجھے انداز سے کام نہیں کرتاکہ کچن انواع واقسام کے کھانے بنانے کے بعد بھی سمٹا ہی رہے۔
 
اگر آپ کھانا پکانے کے بعد صفائی سے بچنا چاہتی ہیں تو کھانا پکانے کے دوران ہی کام سمیٹتی جائیں ،کھانا پکنے رکھ دیں تو شیلف فوراً صاف کردیں، اس دوران فارغ نہ رہیں۔ پکانے میں استعمال ہونے والے برتن ہاتھ کے ہاتھ دھولیں۔ فرش پر پانی گر جائے تو فوراً صاف کریں ،شیلف پر رکھے غیر ضروری سامان ، مصالحے کی بوتلیں استعمال کے بعد واپس کیبنٹ میں رکھ دیں۔ جب چیزیں استعمال ہونے کے ساتھ ہی واپس رکھ دی جائیں گی توشیلف خالی اور صاف رہے گا۔غیر ضروری برتن استعمال نہیں ہوں گے تو زیادہ برتن دھونے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی ۔
 
 تقریباً روزانہ ہی کھانے پکانے کے دوران گرائنڈراور بلینڈر کی ضرورت پڑتی ہے ،فوڈ فیکٹری استعمال کریں مگریہ اصول بنا لیں کہ انہیں استعمال کرتے ہی دھو کر اور خشک کرکے واپس کیبنٹ میں رکھ دیں۔
 
 جو خواتین کام کرنے کے ساتھ ساتھ اسے سمیٹنا بھی جانتی ہیں، انہیں معلوم ہے کہ کام میں جس قدر ٹال مٹول کی جائے گی، الجھن اتنی ہی بڑھتی جائے گی ۔آپ بھی کوشش کریں کہ صفائی سے چڑنے کے بجائے اس میں اپنے لیے خوشی اور آسانی ڈھونڈ لیں۔ جب صفائی سے سکون حاصل ہونے لگے تو کام کرنا مشکل نہیں لگے گا۔
 

شیئر: