Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی ٹیسٹ:میتھیوز اور چندی مل کی سنچریاں

نئی دہلی:سری لنکن ٹیم نے اپنے موجودہ اور سابق کپتان کی سنچریوں کی بدولت میزبان ہند کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 9وکٹوں کے نقصان پر356رنز بنا لئے۔ ہندوستانی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید180رنز باقی ہیں ۔ خراب روشنی کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل قبل ازوقت ختم کیا گیا تو کپتان دنیش چندی مل 147اوربولر لکشن سنڈاکان بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔ہندو ستانی ٹیم نے 536رنز 7کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگزڈیکلیئر کر دی تھی۔سری لنکن ٹیم نے گزشتہ روز دوسرے دن کے اسکور131رنز 3کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سابق کپتان اینجلو میتھیوز 57اور کپتان دنیش چندی مل25رنز پر کھیلنے کےلئے آئے ۔ان دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں نہ صرف181رنز کی شاندار شراکت ہوئی بلکہ پوری سیریز میں پہلی مرتبہ سری لنکن بیٹسمین ہندوستانی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔ اینجلو میتھیوز نے تقریباً2سال سے زائد عرصہ بعد پہلی اور کیریئر کی آٹھویںٹیسٹ سنچری بنائی ۔ شراکت کا خاتمہ روی چندرن ایشون نے کیا جب111 پر اینجلو میتھیوز کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے 268گیندوں کا سامنا کیا اور 2چھکے اور14چوکے لگائے۔ان کے بعد سدیرا سمرا وکرما نے بھی کپتان کا ساتھ دیا اور 33 رنز اسکور کئے لیکن اس کے بعد سری لنکا کی 4وکٹیں جلد گر گئیں۔ روشن سلوا اور ڈکویلا صفر پر لوٹ گئے جبکہ سورنگا لکمل نے 5اور گاماگے نے ایک رن اسکور کیا۔کپتان دنیش چندی مل سنچری مکمل کرنے کے بعد اسکور کو تیزی سے بڑھانے کی کوشش کرتے رہے تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرنے سے اسکور کی رفتار سست پڑ گئی۔ چندی مل 147اور لکشن صفر پر کھیل رہے تھے۔ امپائرز نے خراب روشنی کی وجہ سے کھیل قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ایشون نے 3، محمد شامی، ایشانت شرما اور رویندر جڈیجہ نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

شیئر: