Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسموگ ٹیسٹ : سری لنکا کو سیریز بچانے کیلئے 410رنز کا ہدف

دہلی : ہند اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں ہندنے پوزیشن مستحکم کرلی ۔ ہند نے 246 رنز 5 کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے سری لنکا کو جیت کیلئے 410 رنز کا ہدف دیا۔ شیکھر دھون، کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 31 رنز بنا کر مشکلات سے دوچار ہے اور کامیابی کیلئے مزید 379 رنز درکار ہیں۔ دہلی ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے پہلی اننگز 356 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو چندیمل 147 رنز پر کھیل رہے تھے۔ 373 کے ا سکور پر سری لنکا کی آخری وکٹ گری جب کپتان چندیمل کیریئر کی بہترین 164 رنز کی اننگز کھیل کر ایشانت شرما کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ایشون اور ایشانت شرما نے 3، 3 شامی اور جڈیجہ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ 
مزید پڑھیں:دہلی ٹیسٹ: میتھیوز اور چندیمل کی سنچریاں
ہند نے 163 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 29 کے ا سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ مرلی وجے 9 اور اجنکیا راہانے 10 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔اس موقع پر شیکھر دھون نے پجارا کے ساتھ مل کر ا سکور 106 تک پہنچا دیا ۔ 144 کے اسکور پر ہند کی چوتھی وکٹ گری جب دھون 67 رنز بنا کر سنداکن کی گیند پر اسٹمپ ہوئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما نے مل کر ا سکور 234 تک پہنچا کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ کوہلی 50 رنز بنا کر گاماگے کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ہندنے 246 رنز 5 کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے سری لنکا کو فتح کیلئے 410 رنز کا ہدف دیا۔ روہت شرما نے 50 رنز بنائے۔ لکمل، گاماگے، پریرا، سلوا اور سنداکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکن ہدف کے تعاقب کیلئے میدان میں اترے تو آغاز مایوس کن تھا اور 31 پر اس کے 3 کھلاڑی آوٹ ہو گئے۔کرونارتنے 13، سمرا وکراما 5 اور سرنگا لکمل صفر پر آوٹ ہوئے۔دہلی ٹیسٹ میں اسموگ بھی اثر انداز رہی۔سری لنکا کو ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے مزید 379 رنز درکا ہیں جبکہ ہند کو سیریز 0-2سے اپنے نام کرنے کیلئے 7 وکٹیں اڑانی ہیں۔
 

شیئر: