Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل خطرات سے دوچار

 
  کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام تر دعووں کے باوجود پاکستان سپر لیگ فائنل کے کراچی میں انعقاد کا معاملہ ابھی تک طے نہیں ہو سکا اور نیشنل اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی سست روی کے سبب وہاں فائنل کا انعقاد مشکلات سے دوچار ہے ۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ پیر کو ہو سکے گا ۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی اس بارے میں اعلان کریں گے۔ غیر ملکی سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنی رپورٹ بورڈ کو پیش کردی ہے ۔سندھ حکومت نے سیکیورٹی پلان کو موزوں اور بہترین قرار دیدیا تاہم تمام کوششیں رائیگاں جانے کا خدشہ ہے کیونکہ ڈیڑھ ارب روپے کاتعمیراتی منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔یکم نومبر سے شروع ہونے والے کام کو3 ماہ میں مکمل ہونا تھا، 30جنوری کے بعد15فروری کی تاریخ دی گئی اب15مارچ تک اسٹیڈیم تیار کر نے کا وعدہ کیا گیا لیکن کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے اسٹیڈیم بروقت تیار نہ ہونے کا خدشہ موجودہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کی حالت ابترہے، چیئرمین باکس مخدوش ہیں دیگر30 باکس بھی خستہ حال ہیں، 6 برس سے بند گیلری بھی قابل استعمال نہیں۔ پی سی بی اور سندھ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ وعدے کے مطابق پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں ہی منعقد ہو تاہم اسٹیڈیم کی مجموعی حالت اس وقت اتنے بڑے ایونٹ کے انعقاد کے لیے قطعی طور پر موزوں نظر نہیں آرہی۔نجم سیٹھی پیر کو کراچی پہنچ رہے ہیں، غیرملکی سیکیورٹی اہلکاروںکی جانب سے دی جانے والی رپورٹ اور دیگر عوامل کی روشنی میں وہ تعمیراتی کام کرنے والے ذمہ داران سے بریفنگ اور صوبائی و مقامی حکام کے ساتھ گفت وشنید کے بعد کسی فیصلے کا اعلان کریں گے۔ اسی وجہ سے کراچی میں فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تو دور کی بات، چھپائی کا کام تک شروع نہیں کیا گیا۔

شیئر: