Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رینٹ اے کار سیکٹرمیں سعودائزیشن کی ڈیڈ لائن ختم ، آج سے تفتیش کا آغاز

جدہ..... وزارت محنت کی جانب سے رینٹ اے کار کمپنیوں میں سعودائزیشن کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی اور آج سے تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مملکت میں جاری سعودائزیشن کے قوانین پر عمل کرانے کیلئے وزار ت محنت اور دیگر اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس ضمن میں وزارت محنت کے ذرائع کا کہناہے کہ سعودی عرب میں رینٹ اے کار سیکٹر کوسعودی کارکنوں کیلئے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس شعبے میں 4پیشے سعودی کارکنوں کیلئے مختص ہیں۔ جن میں شوروم سپر وائزز،کیشیئر، گاڑیوں کی وصولی کرنے والے کارکنان اور شو روم انچارج شامل ہیں۔ ان پیشو ںپر کسی غیر ملکی کو کام کی اجازت نہیں۔و زارت محنت نے سعودائزیشن کیلئے رینٹ اے کار کمپنیوں کو گزشتہ 6ماہ سے مہلت دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ پیشوں پر سعودی کارکنوں کو بھرتی کرلیں۔ اس حوالے سے المدینہ اخبار کا کہنا ہے کہ رینٹ اے کار سیکٹر میں سعودی کارکنوں کو 4سے 7ہزار ریال ماہانہ تنخواہ پرتعینات کیا جارہا ہے۔ جدہ ایوان صنعت و تجارت میں ذرائع نقل کے نگراں کی کمیٹی سعید البسامی کا کہناہے کہ رینٹ اے کار سیکٹر میں سعودائزیشن کے کافی مواقع ہیں۔بیشتر کمپنیوں میں سعودی کارکنوں کو تعینات کرلیا گیا ہے۔ کارکنوں کی تنخواہیں انکی قابلیت کے حساب سے مقرر کی گئی ہیں۔ 

شیئر: