Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں اتمانخیل قبیلے کا شاندار اجتماع، سیکڑوں افراد کی شرکت

ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں،ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ دیار غیر میں جو افراد مقیم ہیں وہ آپسی رابطے مضبوط کریں ،امیر محمد خان
 ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
ریاض میں اتمانخیل قبیلے کی جانب سے ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں اتمانخیل قبیلے کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر قبیلے کے نومنتخب صدر امیر محمد خان اتمانخیل نے کہا کہ ہماری قوم کے لوگ پورے خیبر پختونخوا میں پھیلے ہوئے ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بہتر کردار ادا کر رہے ہیں۔ریاض میں موجود اتمانخیل قبیلے کے سیکڑوں افراد کو اکٹھا کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ہم سب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اپنی قوم اور پاکستان کی بہتری کیلئے کام کریں، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ دیار غیر میں جو افراد مقیم ہیں وہ آپسی رابطے کو مزید مضبوط کریں اور یکجان ہو کر رہیں اور اسی طرح پاکستان کے اندر جہاں ہمارے لوگ پسماندہ ہیں ان کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ بھی بہتر زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اتمانخیل قبیلے نے ہمیشہ پاکستان کیلئے اپنی بے لوث خدمات پیش کی ہیں، ہم نے پاکستان کے اندر اپنی روایات کے مطابق امن اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو مضبو ط بنانے کیلئے صوبائیت، گروہ بندی، رنگ ونسل، فرقہ واریت اور ذات پات سے بالاتر ہو کر ہر فرد کو پاکستانی سوچ اپنانا ہوگی تاکہ پاکستان بہتر طور پر ترقی کر سکے۔ اتمانخیل قبیلے کی جانب سے جو پلیٹ فارم بنایا گیا ہے ہم بڑی ایمانداری اور تندہی سے مقرکردہ اصولوں پر کاربند رہیں گے ۔سعودی عرب سے ہمارا دلی لگاؤ ہے، اس نے ہمیں روزگار مہیا کیا ہے اور ہم سعودی عرب کے حکمرانوں، عوام اور قوانین کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہو اور دونوں ملک امت مسلمہ کی بہتر خدمت کر سکیں۔
تقریب سے شفیع خان اتمانخیل، ابراہیم خان، ذاکر خان، صدیق خان اور ظہور خان اتمانخیل نے بھی خطاب کیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: